Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / مولانا آزاد ممتاز مجاہد آزادی اور بے باک صحافی

مولانا آزاد ممتاز مجاہد آزادی اور بے باک صحافی

اُردو یونیورسٹی میں آزاد فورم کی افتتاحی تقریب ۔ پروفیسر حمید خان اور اے کے موہنتی کا خطاب

اُردو یونیورسٹی میں آزاد فورم کی افتتاحی تقریب ۔ پروفیسر حمید خان اور اے کے موہنتی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا ابوالکلام آزاد نہ صرف ایک ممتاز مجاہد آزادی، جید عالم دین، شعلہ بیان خطیب ، بے باک صحافی اور بے بدل انشاء پرداز تھے، بلکہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں ان جیسے قد و قامت کا حامل کوئی اور وزیر تعلیم ملنا شاید ممکن نہیں۔ پروفیسر حمید خان، مولانا ابوالکلام آزاد چیئر، بابا صاحب امبیڈکر یونیورسٹی، اورنگ آباد نے کل مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مولانا آزاد فورم برائے تخلیقی فکر کے افتتاحی اجلاس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی ان خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد، نائب شیخ الجامعہ نے صدارت کی۔ جناب اے کے موہنتی ، آئی پی ایس ، مشیر گورنر تلنگانہ نے مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ مولانا ابوالکلام آزاد چیئر (مانو) نے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی خاطر اس فورم کا قیام عمل میں لایا ہے۔ پروفیسر آمنہ کشورنے خیر مقدم کیا اور مہمانوں کا تعارف کروایا۔ جناب میر ایوب علی خان، سینئر کنسلٹنٹ آزاد چیئر نے آزاد فورم کے قیام کو آزادچیئر کے ایک اہم مقصد کی تکمیل سے تعبیر کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مولانا آزاد نے باضابطہ تعلیم حاصل نہیں کی تھی، اس کے باوجود وہ ایک ہمہ پہلو علمی شخصیت کے مالک تھے۔ عبدالقادر محمد نے فورم کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ عبدالقادر صدیقی نے طلبہ کے وال میگزین ’’جستجو‘‘ کا تعارف پیش کیا۔ دھرمیندر سنگھ نے ہندی جریدے ’’سموید‘‘ کے خصوصی شمارہ کا تعارف پیش کیا، پروفیسر شکیلہ خانم نے جریدے کی کاپی مہمانوں کو پیش کی۔ پروفیسر ایس اے وہاب بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز طالب علم اویس کی تلاوت سے ہوا۔

TOPPOPULARRECENT