Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / مولانا آزاد کی ملک اور کانگریس کیلئے خدمات قابل فخر، یوم پیدائش پر خراج

مولانا آزاد کی ملک اور کانگریس کیلئے خدمات قابل فخر، یوم پیدائش پر خراج

تلنگانہ پی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ کا جلسہ، کانگریس کے سرکردہ قائدین کا خطاب
حیدرآباد /11 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کو ملک اور کانگریس کے لئے قابل فخر قرار دیتے ہوئے ان کے نظریات پر عمل کرنے نوجوان نسل کو مشورہ دیا۔ اس موقع پر مسرز محمد علی شبیر، ملو بٹی وکرامارک اور محمد خواجہ فخر الدین نے مولانا آزاد کے 127 ویں یوم پیدائش پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے گاندھی بھون میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے کی۔ اس موقع پر سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، اے آئی سی سی ترجمان و سابق رکن پارلیمنٹ مدھو گوڑ یشکی، سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین، سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی، عبد الغنی، محمد جاوید احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے مولانا آزاد کی ملک و قوم اور کانگریس کے لئے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ مجاہد آزادی، صحافی، مفکر اسلام اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی زندگی کا ایک تہائی حصہ جیل میں گزرا اور انھیں تین مرتبہ آل انڈیا کانگریس کے صدر کے عہدہ پر خدمات انجام دینے اور کانگریس کے سب سے کم عمر صدر بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی مجاہدین آزادی نہرو، گاندھی اور مولانا آزاد کی خدمات کو فراموش کرتے ہوئے گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے اور ویر ساورکر کو محب وطن قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی سازش اور ملک میں بیف کو مسئلہ بناکر فرقہ پرستی کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیکولر ذہن کے حامل دانشوروں، ادیبوں اور اداکاروں نے فرقہ پرستی کی مخالفت اور بطور احتجاج اپنے ایوارڈس واپس کرتے ہوئے سیکولرازم کا پرچم بلند کیا ہے، جنھیں وہ سلام کرتے ہیں۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس ملو بٹی وکرامارک نے مولانا آزاد کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نہ صرف ملک کی جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا، بلکہ ملک کو متحد رکھنے اور تمام مذاہب و طبقات میں آپسی بھائی چارگی کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا تھا، تاہم آج ملک میں بی جے پی نفرت کا زہر پھیلاکر اور عوام کو ایک دوسرے سے متنفر کرکے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور نوجوان نسل کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ مولانا آزاد کے نظریات کو عام کرتے ہوئے قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے میں مدد کریں۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ مولانا آزاد کی خدمات پر کانگریس پارٹی کو فخر ہے،

 

انھوں نے تقسیم ہند کی مخالفت کی تھی، جب کہ بی جے پی ملک میں فرقہ پرستی پھیلانے کی کوشش کر رہی تھی، لیکن بہار کے عوام نے عظیم اتحاد کو کامیاب بناکر فرقہ پرستی کا خاتمہ کیا ہے۔ مدھو گوڑ یشکی نے کہا کہ ملک کو آج مولانا آزاد جیسے قائدین کی ضرورت ہے، جنھوں نے قوم اور ملک کے لئے خود کو وقف کردیا تھا۔ ملک میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پانے کے بعد فرقہ پرستی کا بازار گرم ہے، جس کا جواب صرف سیکولرازم کے ذریعہ ہی دیا جاسکتا ہے۔ محمد سراج الدین نے مولانا آزاد کی زندگی کو نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے این ڈی اے اور ٹی آر ایس حکومتوں کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قومی سطح پر عدم رواداری کو فروغ اور ٹی آر ایس وعدوں سے انحراف کرکے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ محمد خواجہ فخر الدین نے مولانا آزاد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت وزیر تعلیم ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان کی تعلیمی خدمات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے، لیکن بی جے پی تعلیم کو زعفرانی رنگ دینے اور تاریخ کو توڑ مروڑکر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس ایس کے افضل الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی کے علاوہ سینئر قائدین میر ہادی علی، محمد معراج خان، محمد اعجاز خان، خواجہ غیاث الدین، سید مظہر اللہ، سید ابوالحسن طارق، سید فاروق پاشاہ قادری، اعظم علی، محمد امجد، مختار احمد فردین اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صفدریہ ہائی اسکول کی طالبات نے کلچرل پروگرام پیش کیا اور مولانا آزاد کی حیات پر منعقدہ تحریری و تقریری مقابلوں میں کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT