Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / مولانا آزاد کی یوم پیدائش تقریب

مولانا آزاد کی یوم پیدائش تقریب

حیدرآباد اور اضلاع میں 11 نومبر کو بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔/27اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو یوم اقلیتی بہبود کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے 11نومبر کو حیدرآباد اور اضلاع میں بڑے پیمانے پر تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامات کے سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبدالقیوم خاں کے پاس اقلیتی اداروں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی اور یوم اقلیتی بہبود کے کامیاب انعقاد کیلئے تجاویز پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے گذشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال نئے پروگراموں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر ریاست گیر سطح کا مولانا آزاد ایوارڈ دیا جاتا ہے جس کیلئے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیت کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ یوم اقلیتی بہبود تقاریب میں تمام اقلیتی اداروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اردو اکیڈیمی، اقلیتی فینانس کارپوریشن، حج کمیٹی، وقف بورڈ اور دیگر اداروں کی سرگرمیوں سے متعلق اسٹالس قائم کئے جائیں گے۔ یوم اقلیتی بہبود میں پہلی مرتبہ اقلیتی اقامتی اسکولس کی سرگرمیوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکولوں کے قیام کے مقاصد سے عوام کو واقف کرانے کیلئے حکمت عملی طئے کی جارہی ہے۔ اقلیتی اقامتی اسکولس کے طلبہ کو ان پروگراموں میں شامل کیا جائے گا۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 71 اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلہ میں آئندہ تعلیمی سال سے مزید 89 اسکولوں کے آغاز کا فیصلہ کیاگیا۔ اسکولوں کے مقامات کا تعین ابھی باقی ہے۔ ریاست کے 31اضلاع کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسکولوں کے قیام کی جگہ متعین کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT