Sunday , November 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مولانا آزاد کی خدمات عوام کیلئے مشعل راہ

مولانا آزاد کی خدمات عوام کیلئے مشعل راہ

کریم نگر میں یوم پیدائش تقریب سے ڈاکٹر ایس اے شکور کا خطاب

کریم نگر 18 نومبر (فیاکس) مولانا ابوالکلام آزاد اپنی ذات میں خود انجمن تھے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی حیدرآباد نے کریم نگر مستقر پر صدر مولانا آزاد سوسائٹی کی صدارت میں ایس بی ایس فنکشن پیالس میں منعقدہ ادبی اجلاس و محفل قوالی پروگرام کو مخاطب کرنے کے دوران کیا۔ انھوں نے کہاکہ مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی کے ایک ایک پہلو پر نظر ڈالی جائے تو ہر پہلو پر پی ایچ ڈی کی جاسکتی ہے جن کی خدمات ملک اور عوام کے لئے مشعل راہ ہے۔ انھوں نے کہاکہ مولانا آزاد جیسی عظیم شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مولانا آزاد سوسائٹی کریم نگر نے جو پروگرام منعقد کیا ہے وہ قابل تحسین ہے جس کے لئے میں مولانا آزاد سوسائٹی کے صدر ریاض علی رضوی اور ان کے رفقاء کو مبارکباد دیتا ہوں۔ محمد ریاض علی رضوی صدر مولانا آزاد سوسائٹی کریم نگر نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت مولانا ابوالکلام آزاد کا شمار جدوجہد آزادی ہند کے اُن عظیم رہنماؤں میں کیا جاتا ہے جنھوں نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ملک کو آزاد کرایا اور آزاد ہند کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے ہندوستان کی تعلیمی پالیسی کے ذریعہ جدید تعلیمی نظام کو مستحکم بناکر انمول نقوش چھوڑے۔ مولانا آزاد نہ صرف مفسر قرآن بلکہ عظیم مجاہد آزادی، شاعر، ادیب، انشاء پرداز بھی تھے جنھوں نے اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کا لوہا منوایا جن کی مذہبی رواداری، ہندو مسلم یکجہتی کے پیام کو عام کرنے کے لئے مولانا آزاد سوسائٹی تحریری و تقریری مقابلوں کا انعقاد کرتے آرہی ہے۔ اس موقع پر تحریری و تقریری مقابلوں میں کامیاب طلباء و طالبات میں انعامات و تقسیم اسناد پیش کئے گئے۔ اس کے علاوہ کریم نگر کی سطح پر مختلف شعبہ حیات میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بہترین شاعر روشن علی کرنل، بہترین صحافی سید آصف علی سعادت نمائندہ سیاست، ڈاکٹر ایس روی شنکر، سماجی کارکن محمد عباس سمیع، سابق ڈپٹی میئر اور بہترین ٹیچر کا ایوارڈ حسینہ حسیب فاطمہ کو دیا گیا جن کی گلپوشی و شال پوشی ڈاکٹر ایس اے شکور نے انجام دی۔ مسعود علی اکبر جنرل سکریٹری مولانا آزاد سوسائٹی نے کارروائی چلائی۔

TOPPOPULARRECENT