Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / مولانا حافظ محمد لطیف احمد مکہ مسجد کے امام مقرر،تین سال کی مدت مقرر ، سکریٹری اقلیتی بہبود کے احکام

مولانا حافظ محمد لطیف احمد مکہ مسجد کے امام مقرر،تین سال کی مدت مقرر ، سکریٹری اقلیتی بہبود کے احکام

حیدرآباد۔ 19مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مکہ مسجد میں امام کی مخلوعہ جائیداد کو پر کرتے ہوئے مولانا حافظ محمد لطیف احمد نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ کو تین سال کی مدت کے لیے امام مقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کیئے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جی او آر ٹی 127 جاری کیا جس کے تحت حافظ محمد لطیف احمد عارضی طور پر تین سال کے لیے امام مقرر کئے گئے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ مکہ مسجد میں امام کے دو عہدوں میں ایک مخلوعہ ہے۔ انہوں نے مخلوعہ عہدے پر حافظ محمد لطیف کے تقرر کی سفارش کی تو حکومت نے اسے قبول کرلیا اور احکامات جاری کئے۔ اس طرح تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح کے اہتمام کا مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ حافظ عبدالطیف نے آج اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ وہ گزشتہ ایک سال سے مکہ مسجد میں اعزازی طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ گزشتہ سال دوسرے دہے میں انہوں نے روزانہ تین پارے سنائے اور عیدالفطر اور عیدالضحیٰ کی امامت کی تھی۔ مکہ مسجد میں خطیب کی حیثیت سے حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خدمات انجام دے رہے ہیں اور دوسرے امام کے تقرر کے بعد وہ صرف جمعہ کے خطیب کی حیثیت سے ہی فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ عید گاہ میر عالم میں عید الفطر اور عید الضحی کی امامت کریں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے تین رمضان المبارک کے تین دہوں کے لیے ائمہ کو ذمہ داری تفویض کی ہے۔ پہلے دہے میں حافظ و قاری محمد رضوان قریشی روزانہ تین پارے سنائیں گے۔ دوسرے دہے میں حافظ محمد لطیف احمد روزانہ تین پارے سنائیں گے جبکہ تیسرے دہے میں حافظ و قاری محمد رضوان قریشی نماز تراویح اور تہجد میں دو قرآن سنانے کی سعادت حاصل کریں گے۔ اسی دوران حکومت نے مکہ مسجد میں کئی برسوں سے ملازمین کی مخلوعہ 8 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی ہے۔ اس طرح مکہ مسجد میں تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل ہوگیا۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد کے مطابق رمضان المبارک کے بعد مسجد کی چھت کی درستگی اور دیگر کاموں کا آغاز ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT