Friday , September 21 2018
Home / انتقال نام / مولانا محمد عبدالعزیز کا انتقال

مولانا محمد عبدالعزیز کا انتقال

حیدرآباد ۔ 16 جنوری ۔ ( راست ) سرکردہ ملی و سماجی قائد اور جماعت اسلامی ہند کے بزرگ رہنما مولانا محمد عبدالعزیز کا آج ان کی رہائش گاہ وادی ہدیٰ حیدرآباد میں انتقال ہوگیا ۔ مولانا کی عمر 89 برس تھی ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک فرزند اور تین دختران شامل ہیں۔ مولانا عبدالعزیز جماعت اسلامی ہند کے ان قدیم قائدین میں شامل ہیں جنھوں نے نہایت سخت حالات میں تحریک اسلامی کے پودے کی آبیاری کی اور خاص طورپر جنوبی ہند میں تحریک کے فروغ و استحکام میں مولانا کا بڑا اہم رول رہا ۔ مولانا عبدالعزیز 1990 سے 2003 ء تک تیرہ برس جماعت کے کل ہند نائب امیر رہے۔ اس سے قبل وہ پندرہ برس حلقہ آندھراپردیش و اڑیسہ کے امیر حلقہ اور اس سے پہلے ساحلی آندھرا اور تمل ناڈو حلقوں کے بھی امیر رہے ۔ وہ 1972 ء سے مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن بھی رہے ۔ مولانا کا وطن ضلع کھمم تھا ۔ ایمرجنسی کے دوران قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنی پڑیں۔ مولانا عبدالعزیز جماعت اسلامی ہند کے علاوہ مختلف سماجی و ملی تنظیموں اور وفاقوں سے بھی وابستہ رہے ۔ وہ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس آندھراپردیش کے بانی صدر بھی رہے ۔ مولانا کی نماز جنازہ کل بروز منگل دوپہر دیڑھ بجے ، جامعہ دارالہدیٰ حیدرآباد میں ادا کی جائے گی ۔ تدفین قبرستان جل پلی ، پہاڑی شریف روڈ پر عمل میں آئے گی ۔ مزید تفصیلات کیلئے 9246274414 یا 9959900026 ان فون نمبرات پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT