Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / موٹاپے کو دور کرنے یوگا مؤثر ذریعہ، چھوٹے چٹکلہ اور نسخے بھی بیحد مفید

موٹاپے کو دور کرنے یوگا مؤثر ذریعہ، چھوٹے چٹکلہ اور نسخے بھی بیحد مفید

یوگا ٹریننگ پروگرام کا عملی مظاہرہ ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب

یوگا ٹریننگ پروگرام کا عملی مظاہرہ ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 مئی (سیاست نیوز) یوگا کا چھٹا سالانہ پروگرام کا یہاں محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست میں اسٹار یوگا پوائنٹ کے زیراہتمام منعقد ہوا جس کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے کی اور اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ یوگا ایک قسم کی جسمانی ورزش ہے اور طریقہ علاج بالتدبیر ہے لیکن عام طور پر اس کو مخصوص مذہب کو جوڑ کر دیکھا جاتا ہے جوکہ غلط ہے بلکہ ہم کو واستو جو گھریلو سمت سے متعلق ہوتا ہے وہ بھی صحتمندی کے پیش نظر ہوتا ہے۔ واستو کے متعلق جانکاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے لڑکیوں بالخصوص مسلم لڑکیوں میں موٹاپے کی وجہ شادیوں میں رکاوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوگا میں موٹاپا کا بہتر اور کارآمد علاج موجود ہے۔ یوگا میں بیماریوں سے بچنے کیلئے مؤثر تربیت ہے۔ جناب زاہد علی خان نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ اب 70 برس کے ہیں اور ان کی صحت مندی کا راز روزانہ صبح شہد، میتھی اور کلونجی میں لیمو کے قطروں کا پابندی کے ساتھ استعمال ہے یہ چٹکلہ اور نسخہ دراصل طب نبویؐ سے ماخذ ہے۔ انہوں نے جناب ابراہیم جیلانی اور ان کی اہلیہ کے خدمات کی ستائش کی۔ اخبار سیاست کے تعاون اور اشتراک ان کے ساتھ ہے اور رہے گا۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور کہا کہ یوگا کا مطلب یکسوئی یا مذہبی اصطلاح میں خشوع و خضوع ہے۔ یہ ایسی روحانی اور جسمانی ورزش ہے جس میں ظاہر و باطن کی صحت کو اہمیت دی جاتی ہے۔ ایک صحت مند جسم کو صحت مند دماغ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت اے پی نے اپنی تقریر میں یونانی طب اور طب نبوی ؐپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 1400 سال قبل حضوراکرم ﷺ نے نماز کے طریقہ کو بتایا جس میں جسمانی و روحانی صحت کا ذریعہ پوشیدہ ہے۔ نماز کی ادائیگی میں پانچ وقت جو ارکان ادا کئے جاتے ہیں وہ ایک قسم کی صحت جسمانی ہوتی ہے۔ اللہ کی عبادت کے ساتھ صحت مند رہنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے جناب غلام جیلانی اور ان کی اہلیہ کے یوگا کیلئے خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کیلئے یہ وقف ہوچکے ہیں۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر میں بھی ایسے پروگرام رکھنے کی ضرورت ہے۔ جناب ابراہیم جیلانی یوگا گرو نے خیرمقدم کرتے ہوئے یوگا کے عملی مشق کا مظاہرہ پیش کیا اور بتایا کہ یوگا میں بی پی، شوگر، کولیسٹرول، امراض قلب، امراض گردہ، تھائیرائیڈ، موٹاپا، جوڑوں کے درد کا علاج موجود ہے۔ اس موقع پر اسٹار یوگا پوائنٹ کے زیرتربیت معمر حضرات اور خواتین نے شرکت کرتے ہوئے عملی مظاہرہ کیا۔ ڈاکٹر حسن عباس رضوی جنرل فزیشن مہمان خصوصی تھے۔ جناب ابراہیم جیلانی نے تمام مہمانان کی گلپوشی اور شال پوشی کے ذریعہ استقبال کیا۔ جن خواتین اور حضرات نے اس میں حصہ لیا ان میں ڈاکٹر سجاد اقبال ، عبدالرحمن، عبدالستار، حورفاطمہ، شاہانہ مسرت، محمد نعیم، عبدالباسط، مرزا محمد بیگ، غوثیہ بیگم کے علاوہ یوگی سنتوش شوردہ، مینا اگروال شامل ہیں۔ آخر میں جناب ابراہیم جیلانی نے شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT