Monday , July 16 2018
Home / شہر کی خبریں / موٹر سائیکل پر تین افراد کی سواری اب مہنگی ثابت ہوگی

موٹر سائیکل پر تین افراد کی سواری اب مہنگی ثابت ہوگی

ڈرائیور اور مسافر دونوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، انسداد حادثات کیلئے ٹریفک پولیس کی نئی حکمت عملی
حیدرآباد 13 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس نے ایک اور اہم فیصلہ لیا ہے۔ ایک گاڑی پر تین افراد سواری کرنے سے حادثات میں اضافہ کی نشاندہی کی وجہ سے اس کے تدارک کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ اس مناسبت سے گاڑی چلانے والے فرد کے علاوہ عقبی سیٹ پر سواری کرنے والے دونوں افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پینالٹی پائنٹ پر عمل آوری اور جرمانے عائد کئے جانے کے باوجود نوجوانوں میں قابل قدر تبدیلی نہ آنے کی وجہ سے اس بات کا ٹریفک پولیس نے فیصلہ لیا ہے۔ فی الحال شہر میں ٹریپل سواری کرنے والوں کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ 188 کے تحت 1000 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جارہا ہے۔ ٹریفک پولیس تلاشی مہم کے دوران ٹریپل سواری کرنے والے نوجوان پکڑے جانے پر پنالٹی پائنٹ عائد کرتے ہوئے والدین کی موجودگی میں نوجوانوں کی کونسلنگ کی جارہی ہے۔ اس کے باوجود خاطر خواہ فائدہ نہیں ہورہا ہے۔ اس مناسبت سے ٹریفک پولیس نے نوجوانوں کو سڑک حادثات سے بچانے کے اقدامات کررہی ہے اور ٹریفک پولیس نے شہر کے تینوں کمشنریٹ کی حدود میں درج کردہ ٹریپل رائیڈنگ کیسیس کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے حکومت کو ایک رپورٹ پیش کررہی ہے اور اس رپورٹ میں ٹریپل رائیڈنگ کے نقصانات کو واضح کیا جائے گا۔ نوجوان شہر کے مضافاتی علاقوں میں ٹریپل رائیڈنگ زیادہ کررہے ہیں۔ رچہ کنڈہ کی حدود میں ہی صرف 5 ماہ کے عرصہ میں 10 ہزار ٹریپل رائیڈنگ کیسیس درج کئے گئے اور 10 لاکھ روپئے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ اس کے باوجود کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس لئے رپورٹ میں حکومت سے قانون کو مزید سخت کرنے سے متعلق سفارشات پیش کی جائیں گی۔ گاڑی چلانے والے کے ساتھ ساتھ گاڑی پر سوار دیگر دو افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کرنے کی سفارش کی جائے گی اور تینوں میں سے ہر ایک فرد کے خلاف بھی جرمانہ عائد کرنے کی بھی سفارش کی جائے گی۔ ان تمام باتوں کی اطلاع رچہ کنڈہ اے ڈی سی پی ٹریفک دیواچرن نے دی۔

TOPPOPULARRECENT