Monday , August 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / موہالی میں آج ہندوستان کو کرو یا مرو صورتحال کا سامنا

موہالی میں آج ہندوستان کو کرو یا مرو صورتحال کا سامنا

موہالی ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) افتتاحی ونڈے میں شرمناک شکست کے بعد زخمی ہندوستانی ٹیم کل یہاں موہالی میں کرو یا مرو صورتحال کا سامنا کرے گی کیونکہ ایک اور شکست کا مطلب ایک کامیاب ترین گھریلو سیزن کے اختتام پر ونڈے سیریز گنوانا ہے۔ جنوری میں جنوبی افریقہ کے دورہ سے قبل یہ سیریز ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کی آنکھ کھولنے کیلئے کافی ہے کیونکہ سری لنکا کے خلاف رواں سیریز کے پہلے دن ایڈن گارڈن میں مہمان بولروں کے خلاف ہندوستانی ٹیم کے بیٹسمین پریشان ہوئے تھے جس کے بعد دھرمشالہ میں کھیلے گئے پہلے ونڈے میں بھی ہندوستانی بیٹسمین تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے۔ چندی گڑھ کی ٹھنڈ دھرمشالہ کی طرح نہیں ہوگی لیکن موہالی میں 11:30 کو صبح شروع ہونے والے مقابلہ میں اگر ہندوستانی ٹیم کو پھر ایک مرتبہ پہلے بیٹنگ کرنا پڑا تو ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے سخت امتحان ہوگا کیونکہ یہاں کی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار تصور کی جارہی ہے اور ہندوستانی ٹیم کو یہ مقابلہ میں کامیابی اشد ضروری ہے تاکہ سیریز میں باقی رہا جاسکے۔ گذشتہ مقابلہ میں سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی نے سرنگا لکمل کی تباہ کن بولنگ کے خلاف بہتر مظاہرہ کیا تھا اور نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 100 سے زائد تک پہنچایا تھا۔ تجربہ کار اوپنرس کی جوڑی روہت شرما اور شکھر دھون کے جلد آوٹ ہوجانے کے بعد شریاس ایئر ، دنیش کارتک اور منیش پانڈے کیلئے سنہری موقع تھا کہ وہ بڑا اسکور بنائے لیکن یہ ساے کھلاڑی ناکام ہوئے۔ ہندوستانی ٹیم کو کپتان ویراٹ کوہلی کی پہلے ونڈے میں شدید کمی محسوس ہوئی جو اس وقت بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما سے شادی کی تقاریب میں مصروف ہیں۔ روہت کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو شرمناک شکست ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے وعدہ کیا ہیکہ ٹیم ماباقی دو مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ سیریز اپنے نام کرے گی۔ ابتدائی مقابلہ میں راہنے کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن میڈل آرڈر کی ناکامی کے بعد کل ان کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔ دوسری جانب سری لنکائی ٹیم کی پہلی مرتبہ قیادت کرنے والے آل راونڈر تیسارا پریرا نے امید ظاہر کی ہیکہ دھرمشالہ میں جس طرح ٹیم نے مظاہرہ کیا ہے اس کے سلسلہ کو یہاں بھی برقرار رکھے ہوئے سیریز میں کامیابی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں مہمان ٹیموں کو سیریز میں کامیابی بہت کم حاصل ہوئی ہے۔ اب سری لنکا کیلئے یہ سنہری موقع ہیکہ وہ یہاں سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کریں۔ سری لنکائی ٹیم نے دھرم شالہ میں کامیابی کے ساتھ مسلسل 12 مقابلوں میں ہونے والی شکست کے سلسلہ کو توڑا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی واپسی کے امکانات کو مسترد نہیں کیا اور کہا کہ ہندوستانی ٹیم جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف بھی پہلا مقابلہ گنوانے کے بعد واپسی کی تھی وہ دوبارہ یہ مظاہرہ کرسکتی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT