Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / موہالی میں پاکستانی ٹیم کو شائقین کی تائید

موہالی میں پاکستانی ٹیم کو شائقین کی تائید

’پاکستان جیتے گا‘ ، ’آفریدی لالہ‘ کے نعروں سے حوصلہ افزائی
موہالی ، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف آج یہاں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ ٹی ۔ 20 میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی بھرپور تائید حاصل ہوئی اور مہمان ٹیم کو اپنے ’ہوم گراؤنڈ‘ جیسا احساس ہوا۔ 27,000 شائقین کی گنجائش والے اس اسٹیڈیم میں میچ کے آغاز سے قبل ’’پاکستان جیتے گا‘‘ اور ’آفریدی لالہ‘ کے نعروں کا لامتناہی سلسلہ جاری رہا۔ اس اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں بھی شائقین کی زبردست تائید حاصل ہوئی تھی۔ جموں و کشمیر کے علاقہ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے عامر نے جو قریبی راجپورہ کے ایک کالج میں زیرتعلیم ہے، کہا کہ ’’ہم آفریدی کی حمایت کرتے ہیں‘‘۔ پاکستان کی تائید کرنے والوں میں اکثر کشمیری طلبہ تھے۔ ان کے علاوہ محمد بشیر عرف شکاگو چاچا کے علاوہ پڑوسی ملک کے چند دیگر شہریوں کو بھی پاکستانی ٹیم کی تائید میں نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اننت ناگ کے ایک تاجر رمیز ریاض نے جو اپنے بھائی کے ساتھ یہ میچ دیکھنے کیلئے یہاں پہنچے تھے، کہا کہ وہ آفریدی کے مداح ہیں۔

TOPPOPULARRECENT