Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / موہالی ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کیخلاف ہندوستان کی 108 رنز سے کامیابی

موہالی ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کیخلاف ہندوستان کی 108 رنز سے کامیابی

مہمان ٹیم دوسری اننگز میں صرف 109پر آؤٹ ، جڈیجہ کو پانچ اور اشون کو تین وکٹس
موہالی ۔ 7 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) موہالی میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ میچ کے تیسرے روز ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 108 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 سے سبقت حاصل کرلی۔اب سے کچھ دیر قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 217 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں صرف 109 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ہندوستان کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے پانچ، ایشون نے تین اور امت مشرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کے تیسرے روز جب جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور اس کا کوئی بھی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز وین زیل نے بنائے جو 36 رنز بنا کر ایشون کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل ہندوستان نے کل کے اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو 75 رنز کے اضافہ کے بعد ساری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے بھی اسپنرز نے اچھی بولنگ کی اور ہارمر، عمران طاہر نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔تیسرے روز پہلے کپتان ویراٹ کوہلی 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے پھر ایک اوور بعد چیتیشور پجارا 77 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ اگلے ہی اوور میں اجنکیا رہانے بھی چلے گئے۔

اس کے بعد رویندر جڈیجہ اور وکٹ کیپر ساہا نے قدرے مزاحمت کی کوشش کی لیکن جڈیجہ صرف آٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے بعد آنے والے اسپنر امت مشرا ایک اوور بعد دو رنز بناکر ہارمر کا شکا ہوئے۔ ایشون تین رنز بنا کر عمران طاہر کا شکار ہوئے۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے تھے اور اسے 142 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی۔ہندوستان اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ہندوستان کی طرف سے پہلی اننگ میں اوپنر مرلی وجے نے سب سے زیادہ 75 رن اسکور کیے تھے جبکہ جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈین ایلگر نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا یہ پہلا ٹسٹ میچ ہے۔اس سے قبل اسی دورے کے دوران ٹی20 اور ونڈے میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ ہندوستان کو شکست دے چکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT