Monday , July 23 2018
Home / Top Stories / مچھلی کمان سے خودکشی کرنے نوجوان کی دھمکی

مچھلی کمان سے خودکشی کرنے نوجوان کی دھمکی

آٹو کو600 روپئے چالان کرنے پرمایوس ڈرائیور کا احتجاج

حیدرآباد ۔ /7 فبروری (سیاست نیوز) تاریخی مچھلی کمان کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک آٹو ڈرائیور نے کمان کے تعمیراتی کام کیلئے نصب کئے گئے تعمیراتی جنگلہ پر چڑھ کر چھلانگ لگادینے کی دھمکی دی ۔ تفصیلات کے بموجب 32 سالہ خواجہ سراج الدین ساکن اولڈ ملک پیٹ پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے اور وہ آج دوپہر علاقہ چارمینار سے گزررہا تھا کہ وہاں کے ٹریفک پولیس عملہ نے اسے روک لیا اور اسے چالان کیا ۔ اتنا ہی نہیں ٹریفک پولیس نے اس کے آٹو پر زیرالتواء 600 روپئے کے چالانات بھی ہونے کا پتہ لگایا ۔ پولیس نے آٹو ڈرائیور کے اصرار پر اسے ایک چالان ادا کرنے پر آٹو واپس کرنے کا وعدہ کیا ۔ چالان کی ادائیگی کے بعد وہ اسی مقام پر پہونچا جہاں پر ٹریفک پولیس عملہ نے اسے چالان کرکے اس کا آٹو حاصل کیا تھا لیکن وہاں آٹو نہ پائے جانے پر وہ تشویش کا شکار ہوگیا چونکہ اسے بعض آٹو ڈرائیورس نے یہ بتایا کہ اس کے آٹو کو چارمینار ٹریفک پولیس اسٹیشن کے بجائے گوشہ محل ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا گیا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد سراج الدین ٹریفک پولیس پر برہم ہوگیا اور آٹو حاصل نہ ہونے پر اس نے مچھلی کمان کی تعمیراتی کام کیلئے نصب کئے گئے جنگلے پر چڑھ گیا اور وہاں سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دی ۔ سراج الدین کو جنگلے پر دیکھ کر عوام کا ہجوم جمع ہوگیا اور وہاں کے ٹریفک بہاؤ میں کچھ گھنٹوں کیلئے خلل پیدا ہوگیا ۔ مقامی پولیس کی جانب سے اسے آٹو واپس کرنے کے تیقن دیئے جانے پر وہ جنگلے سے نیچے اتر آیا جبکہ اس کے خلاف زیرالتواء ٹریفک چالانات کی رقم بھی ادا کردی گئی اور اس کا آٹو اسے واپس حوالے کردیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT