مچھیروں کی رہائی کیلئے جیہ للیتا کا نریندر مودی کو تازہ مکتوب

چینائی۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعلیٰ تملناڈو جیہ للیتا نے ایک بار پھر حکومت سری لنکا کو تملناڈو کے 46مچھیروں کو گرفتار کرنے پر ہدف تنقید بنایا اور ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی سے استدعاء کی ہے کہ موصوف تمام مچھیروں کی عاجلانہ رہائی کے لئے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ مچھیروں کی ضبط شدہ گیارہ کشتیاں بھی انہیں واپس مل جائیں۔ نریندر مودی کے نام اپنے تازہ مکتوب میں جیہ للیتا نے کہا کہ انھیں بار بار وزیر اعظم کی مصروفیات میں مخل ہونا اچھا نہیں لگ رہا ہے اور بار بار موصوف کو ان دو واقعات کی یاد دہانی کروانی پڑ رہی ہے جہاں تملناڈو کے 46مچھیروں کو ان کی گیارہ کشتیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا ہے اور یہ کام کسی اور کا نہیں بلکہ سری لنکائی بحریہ کا ہے جو گزشتہ کافی عرصہ سے ہندوستانی مچھیروں کی ازلی دشمن بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1979ء اور1976ء میں سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان جو معاہدے ہوئے تھے وہ غیر آئینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مچھیروں کے روایتی حقوق کے احیاء کے لئے حکومت ہند کو پیشرفت کرنی چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT