Wednesday , December 12 2018

مڈل آرڈر ناکام ، سری لنکا 215 رنز پر ڈھیر

وشاکھاپٹنم۔17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں مہمان سری لنکائی ٹیم بہترین شروعات کے باوجود ہندوستانی اسپنرس کلدیپ یادو اور یوزویندر چہل کی شاندار اسپن بولنگ کے آگے تاش کے پتوں کی طرح ڈھیر ہوگئی، کیونکہ 23 ویں اوور کے اختتام پر مہمان ٹیم صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 136 رنز بناچکی تھی اور اُمید کی جارہی تھی کہ بہ آسانی 300 رنز کا نشانہ عبور کرلے گی لیکن ساری ٹیم 44.5 اوورس میں ہی 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جس وقت اُپل تھرنگا اور سمرا وکراما بیٹنگ کررہے تھے، ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنالئے تھے اور تھرنگا تیزی سے سنچری کی سمت گامزن تھے لیکن ایک ہی اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان نے سری لنکا کے وکٹوں کے زوال کا سلسلہ شروع کیا۔ تھرنگا 82 گیندوں میں 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 95 رنز اسکور کئے جبکہ سمرا وکراما 57 گیندوں میں 42 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمنوں میں انجیلا میتھیوز (17) اور گنا رتنے 17 رنز بنائے جبکہ اوپنر گنا تھلاکا نے 13 رنز اسکور کئے۔ مذکورہ بیٹسمنوں کے علاوہ دیگر کوئی کھلاڑی دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپایا۔ ہندوستان کے لئے کلدیپ یادو کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورس میں 42 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ساتھی اسپنر چہل نے 10 اوورس میں 3 میڈاِنس کے ہمراہ 46 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دیگر بولروں میں ہاردک پانڈیا نے 42 رنز دے کر 2 جبکہ بھونیشور کمار نے 35 اور جسپریت بومرا نے 39 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم کے کارگذار کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر ایک ایسی وکٹ پر جہاں بڑا اسکور متوقع تھا ، پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا اور ابتدائی اوورس میں یہ فیصلہ غلط دکھائی دے رہا تھا۔

TOPPOPULARRECENT