Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / مڈل کی دوڑ میں بقا کیلئے آج ہندوستان کا پاکستان سے مقابلہ

مڈل کی دوڑ میں بقا کیلئے آج ہندوستان کا پاکستان سے مقابلہ

آیپہو۔ (ملیشیاء) ۔11 ؍ اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم خود کو مڈل کے حصول کی دوڑ میں باقی رکھنے کے لئے کل اہم مقابلہ میں کٹر حریف پاکستانی ہاکی ٹیم کے خلاف 25 ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں مقابلہ کرے گی ۔ اور یہ مقابلہ ٹورنمنٹ کا ایک اہم اور دلچسپ ہوگا ۔ پانچ مرتبہ ٹورنمنٹ میں خطاب حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم گدشتہ برس برونز مڈل حاصل کر پائی تھی اور اس مرتبہ سردار سنگھ کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے گذشتہ روز کینڈا کے خلاف کامیابی تو حاصل ہے لیکن کل پاکستان کے خلاف انہیں اپنے کھیل کے معیار بلند کرنا ہوگا ۔ کینڈا کے خلاف ہندوستان نے 3-1 کی کامیابی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے راؤنڈ رابن مرحلہ میں اسے تیسرا مقام حاصل ہوا ۔ ہندوستانی ٹیم نے تین مقابلوں میں 6 نشانات حاصل کئے ہیں جبکہ پاکستان کو تین مقابلوں سے صرف تین نشانات ہوئے ہیں ۔ پاکستان نے تا حال ٹورنمنٹ میںواحد کامیابی کینیڈا کے خلاف 3-1 سے ہی حاصل کی ہے ۔ عالمی چمپین آسٹریلیا ٹیموں کے جدول میں متواتر تین فتوحات کے ذریعہ حاصل ہونے والے 9 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہے جبکہ دفاعی چمپین نیوزی لینڈ چار مقابلوں میں شرکت کے بعد 8 نشانات حاصل کرتے ہوئے دوسرے مقام فائز ہے ۔ دنیا ئے ہاکی میں اپنا مقام کھودینے کے باوجود پڑوسی ممالک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے ہاکی مقابلے نہ صرف دلچسپ ہوتے ہیں بلکہ ہاکی شائقین کی اس میں دلچسپ بھی موجود ہے ۔ دریں اثناء اذلان شاہ کپ کے سلور جوبلی سال میں منعقد ہونے والے اس ایڈیشن میں ہندوستان اور پاکستان کا یہ مقابلہ پھر ایک مرتبہ دلچسپی کا باعث ہے جبکہ اسی دن عالمی چمپین آسٹریلیا کا دفاعی چمپین نیوزی لینڈ سے مقابلہ بھی ہوگا ۔ ہندوستان ٹیم کے کوچ ریولانٹ اولٹامنس نے کہا کہ ہندوستان کی مکمل ٹیم اس مقابلہ کا انتظار کر رہی تھی اور میں نے تمام کھلاڑیوں کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ اسے صرف ایک مقابلہ کی حیثیت سے دیکھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس مقابلہ پر ویسی ہی توجہ مرکوز کرنی چاہئے جیسا کہ ہم دیگر مقابلوں پر کرتے ہیں ۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کوچ سابق کھلاڑی خواجہ جنید نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے کھلاڑیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کل ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں اپنے صلاحیتوں کے مطابق مظاہرے کرنے کے علاوہ    اپنے جذبات پر قابو رکھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم حریف کی جانب سے کئے جانے والے حملوں کا دفاع کرنے میں مہارت رکھتی ہے اور یہی مہارت اسے حریف ٹیم کے خلاف سبقت دلوائے گی ۔ جنید نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم میں وہ آٹھ نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے ساؤتھ ایشین گیمس کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی اور ٹیم میں ان کھلاڑیوں کی موجودگی ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کے لئے کافی ہے ۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم نے ساؤتھ ایشین گیمس میں اپنی اصل ٹیم میدان میں نہیں اتاری تھی لہذا یہاں موجود مکمل طاقتور ہندوستانی ٹیم ایشین گیمس میں ہوئے شکست کا  حساب برابر کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ گذشتہ برس ہاکی ورلڈ لیگ کے سیمی فائنل میں دونوں ممالک نے اپنی طاقتور ٹیمیں میدان پر اتاری تھیں اور مقابلہ 2-2 برابر رہا ۔

TOPPOPULARRECENT