Sunday , May 27 2018
Home / اضلاع کی خبریں / مکئی، کپاس و دیگر اشیاء کی خریدو فروخت حکومت کی مقررہ قیمت پر کی جائے

مکئی، کپاس و دیگر اشیاء کی خریدو فروخت حکومت کی مقررہ قیمت پر کی جائے

حکومت کسانوں کی ترقی کیلئے سنجیدہ ، ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد سے وزیر بھاری آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا خطاب
شاد نگر۔/13 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کے کسانوں کو کسی بھی طرح کی تکلیف حکومت کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ حکومت کی جانب سے مکئی، کپاس اور دیگر اشیاء کی مقرر کردہ قیمت ادا کرنے پر زوردیتے ہوئے مقرر کردہ قیمت اندرون تین یوم ادا کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کسانوں کو سہولت کیلئے مارکٹ یارڈ ، گودام اور دیگرسہولتیں مہیا کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت کی خصوصی توجہ دی جارہی ہے، کسانوں کو ترقی فراہم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مارکیٹنگ و ایریگیشن ٹی ہریش راؤ نے شاد نگر مارکٹ یارڈ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے مخاطب کرنے سے قبل ریاستی وزیر ہریش راؤ نے محکمہ مارکٹنگ عہدیداروں اور زرعی شعبہ سے وابستہ عہدیداروں سے مختلف وضاحتیں طلب کی۔ عہدیداروں کی جانب سے اطمینان بخش جواب نہ ملنے کی وجہ سے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کسانوں کی جانب سے خریدی گئی مکئی کی رقم کی ادائیگی میں تاخیر کو لیکر ریاستی وزیر نے سخت برہمی ظاہر کی۔ جبکہ تلنگانہ حکومت کسانوں سے خریدی گئی مکئی، کپاس یا پھر کسی دوسری اشیاء کو بروقت رقم ادا کررہی ہے اس کے باوجود عہدیداروں کی لاپرواہی اور عدم توجہ کے باعث کسانوں کو ایک طرف نقصان ہورہا ہے تو دوسری طرف کسان کم قیمت میں باہر فروخت کررہے ہیں۔ عہدیداروں کی عدم توجہ اور لاپرواہی پر ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے اظہار برہمی کیا اور اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چیگور سنگل ونڈو سی ای او وینکٹیا کو فوری معطل کرنے شادنگر مارکٹ کمیٹی سکریٹری رویندر ریڈی کا فوری کسی دوسرے مقام پر تبادلہ کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ روکے اور ان کے خلاف انکوائری کرے۔ ضلع مارکفیڈ عہدیدار شریمتی جیوتی کے خلاف انکوائری کرنے اور میمو جاری کرنے کی ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ہدایت دی۔ مارکٹ یارڈ کے متعلق خرید و فروخت کے بارے میں وزیر ٹی ہریش راؤ کے سوالات کے جوابات کے موقع پر عہدیدا گھبراہٹ کا شکار تھے۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ کسانوں کیلئے تلنگانہ حکومت مکئی اور کپاس کیلئے بہترین رقم ادا کررہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جاریہ سال انٹرنیشنل مارکٹ یعنی امریکہ، جاپان، چین میں کپاس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہورہا ہے اور کسانوں کو بہتر قیمت ملنے کے قوی امکانات ہیں۔ تلنگانہ حکومت ہر ایک طبقہ بالخصوص کسان طبقہ کو ترقی فراہم کرنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ہر ایک طبقہ کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے سیاسی میدان اور عہدوں پر فائز کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے 20 لاکھ کنٹل مکئی کی خریدی کرتے ہوئے کسانوں کو قریب 2 کروڑ روپئے ادا کردیئے ہیں۔ ریاستی وزیر مارکیٹنگ ٹی ہریش راؤ نے شاد نگر مارکٹ یارڈ میں 4 کروڑ روپیوں کی لاگت کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور شاد نگر مارکٹ یارڈ میں تور دال سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مکئی کے کسانوں سے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے گفتگو کرتے ہوئے خرید و فروخت اور رقم کی ادائیگی کے متعلق معلومات حاصل کی اور کسانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مکئی کو کم قیمت پر باہر فروخت نہ کریں۔ شاد نگر مارکٹ یارڈ میں فروخت کی گئی مکئی کی واجب الادا رقم کل تک ادا کرنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ شاد نگر حلقہ کے 4 منڈلوں میں سی سی گودام کروڑہا روپیوں سے تیار کیا گیا ہے اس سے کسانوں کو بھرپور استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ شاد نگر حلقہ کے کندورگ منڈل اور کیشم پیٹ منڈل کے گوداموں کے کمپونڈ وال کیلئے 50 لاکھ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو اور اندے بابیا، کے سوریہ پرکاش اور دیگر پارٹی قائدین اور مختلف محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کی آمد سے قبل بلدیہ کونسلر شریمتی کرشنا وینی نے پروگرام کے تعلق سے اطلاع نہ دینے اور پروٹوکول کے خلاف پروگرام رکھنے پر مارکٹ یارڈ عہدیداروں اور کمیٹی چیرمین پر برہمی کا اظہار کیا۔ عہدیداروں اور چیرمین نے عدم اطلاع پر معذرت خواہی کی۔

TOPPOPULARRECENT