Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مدینہ علاء الدین وقف بلڈنگ کے کرایہ داروں کیخلاف کارروائی

مکہ مدینہ علاء الدین وقف بلڈنگ کے کرایہ داروں کیخلاف کارروائی

حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مکہ مدینہ علاء الدین وقف مدینہ بلڈنگ کے کرایہ داروں کے خلاف تخلیہ کی کارروائی شروع کرنے اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے آج وقف بورڈ کے عہدیداروں اور انسپکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جنہیں کرایہ کی وصولی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ مارکٹ ریٹ کے اعتبار سے کرایہ کی ادائیگی سے انکار کرنے والوں کے خلاف عدالتی احکامات کے مطابق تخلیہ کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وقف بورڈ کی ٹیم نے کئی دکن تک قیام کرتے ہوئے کرایہ داروں سے ربط قائم کیا اور انہیں اس بات کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی کہ مارکٹ ریٹ کے مطابق وقف بورڈ کو کرائے ادا کیے جائیں۔ اس مصروف ترین تجارتی علاقہ میں معمولی کرایہ ادا کیے جارہے ہیں۔ بیشتر کرایہ دار 200 تا 500 روپئے کرایہ ماہانہ ادا کررہے ہیں۔ ملگیات کو وقف بورڈ کی جانب سے راست کنٹرول میں دیئے جانے کے بعد بھی کئی کرایہ دار ٹرسٹ کو کرایہ ادا کرتے رہے۔ وقف بورڈ کی رینٹ ریویو کمیٹی نے کرایہ داروں کو طلب کرتے ہوئے انہیں اضافہ کا مشورہ دیا۔ ان سے کہا گیا کہ مارکٹ ریٹ کے اعتبار سے کرایہ ادا کریں یا پھر ملگیات خالی کردیں۔ بعض کرایہ داروں نے وقف بورڈ سے نئے کرایہ نامے کا معاہدہ کرلیا جبکہ اکثریت کرایہ کی ادائیگی سے انکار کررہی ہے۔ ان حالات میں وقف بورڈ نے تخلیہ کی نوٹس دینے اور فوجداری مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT