Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی غیر یقینی

مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی غیر یقینی

امام و خطیب اور موذن بھی دسمبر اور جنوری کی تنخواہ کے منتظر ، رمضان کے نذرانہ کی اجرائی متوقع

امام و خطیب اور موذن بھی دسمبر اور جنوری کی تنخواہ کے منتظر ، رمضان کے نذرانہ کی اجرائی متوقع
حیدرآباد۔/10فبروری، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کو ایک ماہ بعد سہی لیکن ملازمین مکہ مسجد و شاہی مسجد کی معاشی پریشانیوں کا خیال آیا۔ اگرچہ ڈسمبر اور جنوری دو ماہ کی تنخواہ ابھی تک جاری نہیں کی گئی لیکن گزشتہ رمضان المبارک میں خدمات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے منظور کردہ بونس کی اجرائی کی کارروائی کی گئی۔ حکومت نے گزشتہ رمضان المبارک میں مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کی خدمات کے عوض میں بطور نذرانہ ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں 2لاکھ 4ہزار روپئے محکمہ اقلیتی بہبود کو جاری کردیئے لیکن یہ رقم ملازمین میں تقسیم نہیں کی گئی۔ روز نامہ ’سیاست‘ کی مسلسل توجہ دہانی اور ملازمین کی معاشی پریشانیوں کے بارے میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد اقلیتی بہبود کے عہدیدار حرکت میں آئے اور نذرانہ کی رقم کی اجرائی کی کارروائی شروع کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد نے حکومت کی جانب سے موصولہ رقم کو ملازمین کے اکاؤنٹ میں راست طور پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں بینک کی کارروائی شروع کردی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون دو یوم نذرانہ کی رقم دونوں مساجد کے ملازمین کو جاری کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ نذرانہ کی رقم صرف ملازمین مکہ مسجد اور شاہی مسجد کو ادا کی جائے گی جن میں امام، خطیب اور موذن بھی شامل ہیں جبکہ سیکورٹی کی ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈز اس کے حقدار نہیں ہوں گے۔ دوسری طرف ڈسمبر اور جنوری کی تنخواہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں ابھی بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں محکمہ فینانس سے نمائندگی کی گئی لیکن بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ کسی اور محکمہ کے بجٹ سے تنخواہیں جاری کردی جائیں تاکہ ملازمین اور ہوم گارڈز کو تکلیف نہ ہو لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ دونوں مساجد کے ملازمین کی تعداد 22ہے جبکہ سیکورٹی پر 20ہوم گارڈز متعین ہیں۔ ملازمین کی تنخواہ کیلئے ماہانہ ایک لاکھ 74ہزار روپئے کی ضرورت ہے جبکہ ہوم گارڈز کی تنخواہوں کیلئے ایک لاکھ 82ہزار درکار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT