Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد بم دھماکوں و فائرنگ کے 7 سال مکمل

مکہ مسجد بم دھماکوں و فائرنگ کے 7 سال مکمل

سٹی پولیس کی سخت چوکسی ۔ حساس مقامات پر گشت میں اضافہ

سٹی پولیس کی سخت چوکسی ۔ حساس مقامات پر گشت میں اضافہ

حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مکہ مسجد بم دھماکہ اور نمازیوں پر پولیس فائرنگ کے سات سال مکمل ہوچکے ہیں ۔ ہندو دہشت گرد کارروائی کا نشانہ بنی مکہ مسجد میں بم نماز جمعہ کے وقت بم دھماکہ کیے گئے تھے جس میں 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے جسکے بعد مکہ مسجد کے باہر پولیس نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 5 نمازیوں کو ہلاک کردیا تھا ۔ کل 18 مئی اتوار کو شہر کی اس تاریخی مکہ مسجد میں پیش آئے بم دھماکہ کی ساتویں برسی ہے ۔ سٹی پولیس نے اس خصوص میں سخت چوکسی اختیار کیے ہوئے اور پرانے شہر کے حساس علاقوں میں پولیس کی گشت بڑھادی گئی ہے ۔ ایک اعلی پولیس عہدیدار کے مطابق پرانے شہر کے علاوہ شہر کی تمام مساجد اور اہم مقامات بالخصوص انتہائی حساس علاقوں میں چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ مکہ مسجد بم دھماکہ اور مابعد پولیس فائرنگ میں ہلاک افراد تاحال انصاف کے منتظر ہیں ۔ پولیس نے برسی کے موقع پر سابقہ تجربات اور امکانی احتجاج کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے وسیع انتظامات انجام دئیے ہیں ۔ ریاپڈ ایکشن فورس کے زائد دستوں کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ اس خصوص میں ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر سریش ترپاٹھی نے بتایا کہ پولیس گذشتہ چند دنوں سے کافی چوکس ہے ۔ راجندر نگر واقعہ کے بعد پولیس انتہائی چوکسی اختیار کئے ہوئے اور کل مکہ مسجد کی برسی کے موقع پر خصوصی بندوبست کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحفظ پولیس کی اہم ذمہ داری ہے اس میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی پرامن فضاء کو برقرار کھنا اور عوام کو پرسکون ماحول فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے ساتھ ہی انہوں نے امن کو بگاڑنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور عوام سے پرامن رہنے کی درخواست کی ۔

TOPPOPULARRECENT