Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد میں سہولتوں کی عدم فراہمی پر سکریٹری اقلیتی بہبود کی برہمی

مکہ مسجد میں سہولتوں کی عدم فراہمی پر سکریٹری اقلیتی بہبود کی برہمی

عہدیداروں کی لاپرواہی پر باز پرس ، تمام ضروری کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت : احمد ندیم

عہدیداروں کی لاپرواہی پر باز پرس ، تمام ضروری کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت : احمد ندیم
حیدرآباد ۔ 2 ۔جولائی (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں مصلیوں کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں حکام کی ناکامی پر سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم نے عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ دریافت کی۔ حکومت نے رمضان المبارک سے قبل مکہ مسجد میں آہک پاشی اور دیگر امورکی انجام دی کی ہدایت دی تھی اور اس سلسلہ میں فنڈس بھی جاری کردیئے گئے لیکن حکام کی لاپرواہی کے نتیجہ میں بنیادی کام ابھی بھی نامکمل ہے۔ مکہ مسجد امور کے اسسٹنٹ کمشنر ایس کمار کو سکریٹری اقلیتی بہبود نے ہدایت دی کہ وہ نہ صرف شخصی طور پر کاموں کی نگرانی کریں بلکہ نماز تراویح کے وقت موجود رہتے ہوئے مصلیوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیں۔

انہوں نے افطار کی طرح تراویح کے موقع پر بھی مصلیوں کیلئے صاف پینے کے پانی کی سربراہی کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں جاری تمام ضروری کاموں کی فوری تکمیل ہونی چاہئے۔ مکہ مسجد کے حوض میں مصلیوں کیلئے وضو کی سہولت کیلئے پانی کی سطح میں اضافہ کی بھی ہدایت دی گئی۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بھی آج مکہ مسجد کے اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر عہدیداروں کو طلب کیا اور مصلیوں کی تکالیف سے واقف کرایا ۔ مکہ مسجد کے سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ضروری کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں تاخیر سے ٹنڈرس کی طلبی کے باعث بعض مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ رمضان المبارک کے آغاز سے صرف ایک دن قبل ہی کاموں کا آغاز ہوا جو کہ ابھی بھی جاری ہے۔ سپرنٹنڈنٹ کے مطابق آہک پاشی اور صفائی کے کام کی تکمیل کیلئے مزید دس دن درکار ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT