Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد میں چھت کو گرنے سے بچانے کے اقدامات میں لاپرواہی

مکہ مسجد میں چھت کو گرنے سے بچانے کے اقدامات میں لاپرواہی

مرمتی کام کے آغاز میں مزید وقت درکار ، محکمہ آثار قدیمہ کا رویہ تشویشناک
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) مکہ مسجد کے صحن میں واقع آصف جاہی سلاطین کے مقبروں کی چھت کی مٹی مسلسل گرنے لگی ہے اس کے باوجود بھی محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں اور یہ کہا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران مرمتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا لیکن تاحال کوئی قطعی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ موسم باراں کے اختتام کے بعد ہی ان کاموں کے آغاز کے متعلق غور کیا جائے گا ۔ جاریہ موسم باراں کے دوران اب تک چھت کی مٹی دو مرتبہ گرنے کے باوجود محکمہ آثار قدیمہ کا یہ رویہ قابل تشویش ہے۔ تاریخی مکہ مسجد کے امور کا نگران ادارہ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ محکمہ کی جانب سے آصف جاہی سلاطین کے مقبروں پر تعمیر عمارت اور اس کی چھت کی مرمت کیلئے بھی رقومات کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے لیکن اب محکمہ آثار قدیمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ تاریخی مکہ مسجد کے صحن میں واقع اس خوبصورت عمارت کی چھت کی مٹی گذشتہ شب ایک مرتبہ پھر سے گرنے کے بعد اب اس حصہ کو عوام کیلئے بند کردینے کے متعلق غور کیا جانے لگا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرتے ہوئے اس حصہ میں عوامی داخلہ پر پابندی عائد کردی جائے گی اور احکامات سے متعلق بورڈ آویزاں کردیئے جائیں گے کیونکہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران دو مرتبہ چھت کی مٹی جھڑنے کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے کہ اس عمارت کی چھت جو کہ گچی کی ہے وہ کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہے اسی لئے عوام کو کسی قسم کے خطرات سے بچانے کیلئے انہیں اس حصہ میں جانے سے روک دیا جائے گا۔ تاریخی مکہ مسجد کے اس حصہ کے علاوہ اندرونی گوشہ میں بھی ایک حصہ میں عوام کے لئے داخلہ ممنوع قرار دیا جاچکا ہے اور اس حصہ کی حد بندی کردی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ملازمین مکہ مسجد نے بھی فوری آصف جاہی سلاطین کے مقبروں کی چھت کی تعمیر و مرمت کے متعلق اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مرمتی کام مکمل نہیں ہوجاتے اس وقت تک کیلئے اس حصہ میں داخلہ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیاجانا چاہئے۔اسی طرح دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی فوری اقدامات کا آغاز کیا جانا چاہئے ۔ ملازمین نے بتایا کہ مسجد کی مرکزی عمارت کی چھت کی بھی فوری مرمت ناگزیر ہوچکی ہے اور مسئلہ سے بھی سب واقف ہیں۔

TOPPOPULARRECENT