Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد کی تزئن نو و آہک پاشی کا عنقریب آغاز،8 کروڑ 48 لاکھ کے خرچ کا تخمینہ ، محکمہ آثار قدیمہ کی تیاری

مکہ مسجد کی تزئن نو و آہک پاشی کا عنقریب آغاز،8 کروڑ 48 لاکھ کے خرچ کا تخمینہ ، محکمہ آثار قدیمہ کی تیاری

حیدرآباد۔9اگسٹ(سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے تزئین نو اور آہک پاشی کے علاوہ مرمتی کاموں کا جاریہ ماہ کے اواخر میں آغاز ہوگا اور مرحلہ وار انداز میں اس کام کی اندرون 18ماہ تکمیل عمل میں لائی جائے گی۔ مکہ مسجد کی چھت سے پانی ٹپکنے کا مسئلہ عرصہ دراز سے التواء کا شکار بنا ہوا ہے اور اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے حکومت کی جانب سے بجٹ کی منظوری بھی عمل میںلائی جاچکی ہے لیکن مرمتی کاموں کے عدم آغاز کے سبب مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ کو دی گئی اس ذمہ داری سے پہلو تہی کے الزامات کے بعد محکمہ آثار قدیمہ نے مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کو مرحلہ وار انداز میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور منصوبہ کے مطابق 8کروڑ 48لاکھ کے اخراجات سے انجام دیئے جانے والے ان کاموں کو اندرون 18ماہ مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ مکہ مسجد کی چھت کی صفائی کے علاوہ اوپری حصوں میں موجود پتھروں کی صفائی اور ان کے درمیان بن رہی جگہ کو پر کرنے کیلئے آثار قدیمہ نے پراجکٹ تیار کرلیا ہے اور مرکزی عمارت میں چھت سے پانی ٹپکنے کی شکایت کو دور کرنے کیلئے مرمت کی جائے گی ۔ اسی طرح آصف جاہی مقبروں کی چھت کی مرمت کے عمل کا آغاز بھی اسی دوران کردیا جائے گا۔ تاریخی مکہ مسجد کی تزئین نو کے کاموں کے متعلق محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں چھت کی مرمت کے ساتھ کاموں کا آغاز کیا جائے گا اور اس سے قبل چھت پر ڈامبر اور دیگر اشیاء کے ذریعہ ڈالے گئے بوجھ کو کم کرنے کیلئے اس کی مکمل صفائی ناگزیر ہے اسی لئے چھت کی مرمت سے قبل اس کی صفائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلہ میں اوپری کمانوں میں جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے پر کرنے کے علاوہ اس عمارت کی مضبوطی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ تیسرے مرحلہ میں پانی کی سربراہی اور پتھروں سے متعلق کام انجام دیئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے بجٹ کے ذریعہ انجام دیئے جانے والے ان کاموں میں مسجد کی مکمل عمارت کی صفائی اور خوبصورتی کو بحال کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گااور 18ماہ کے دوران ان کاموں کی تکمیل کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ مکہ مسجد میں تعمیری و مرمتی کاموں کے آغاز کے ساتھ ہی مسجد کے بعض گوشوں کو عوام کیلئے بند کردینے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ تعمیر و مرمت معلنہ مدت میں مکمل کرلی جائے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مکہ مسجد میں تعمیری و مرمتی کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں جاری مشاورت کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ موسم باراں کے دوران ہی یہ کام شروع کردیئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT