Tuesday , November 13 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد کی چھت کا تعمیری کام تیزی سے جاری

مکہ مسجد کی چھت کا تعمیری کام تیزی سے جاری

گنبدوں اور اندرونی حصہ کا کام باقی، ماہرین کی نگرانی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی چھت اور آصف جاہی خاندان کے قبور پر مشتمل مقبرہ کی چھت کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین کی نگرانی میں یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ حکومت نے پراجکٹ کی تکمیل کیلئے 18 ماہ کا وقت دیا تھا جس میں سے 13 ماہ مکمل ہوچکے ہیں۔ غیر موسمی بارش اور دیگر وجوہات کے سبب کام کی رفتار سست رہی ۔ گزشتہ دنوں عہدیداروں کی مداخلت پر کنٹراکٹر نے لیبر کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کیا ہے۔ دونوں چھتوں کا کام عنقریب مکمل ہوجائے گا جس سے پانی اندرونی حصہ میں نہیں اتر سکتا ۔ اس کے علاوہ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں کمانوں کی تزئین نو کا کام باقی ہے۔ بارش کے سبب کمانوں میں پلاسٹر کا کچھ حصہ گر چکا ہے۔ اس حصہ میں نماز کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ اندرونی حصہ کے بعد مدرسۃ الحفاظ آثار مبارک ، مین گیٹ اور مسجد کی گنبدوں کا کام باقی رہے گا۔ توقع ہے کہ کام کی تکمیل کے لئے معاہدہ میں توسیع کی جائے گی ۔آرکیالوجیکل سروے کے ماہرین نے ملک کی دیگر تاریخی عمارتوں کی طرز پر مکہ مسجد کی تزئین نو کا کام شروع کیا ہے۔ اس کام کی تکمیل کے بعد مسجد کی خوبصورتی میں اضافہ ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT