Sunday , August 19 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد کی گیٹ کی تعمیر قانونی تنازعہ کا شکار

مکہ مسجد کی گیٹ کی تعمیر قانونی تنازعہ کا شکار

علاقہ کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے کی جانب سے قانونی نوٹس
حیدرآباد ۔12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کیلئے پنچ محلہ کی سمت گیٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں دیوار کے انہدام کا مسئلہ قانونی تنازعہ کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ جس حصہ میں دیوار منہدم کی گئی ، اس علاقہ کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والوں نے سکریٹری اقلیتی بہبود ، ڈائرکٹر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد ، کمشنر جی ایچ ایم سی اور حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور کو قانونی نوٹس جاری کی ہے۔ جمیل الدین دکنی جنہوں نے 1974 ء میں اراضی کی خریدی کا دعویٰ کیا ہے ، ان کے پاس دودھ باؤلی سب رجسٹرار آفس کے رجسٹرڈ ڈاکیومنٹ بھی موجود ہیں۔ محکمہ آرکیالوجی اور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد نے ان کے موقف کے حق میں مکتوب جاری کیا ہے۔ اس کے باوجود محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں نے ان کی منظوری کے بغیر ہی مسجد کے جنوبی حصہ میں عارضی دروازہ کھول دیا۔ اس سلسلہ میں پولیس حسینی علم میں شکایت درج کی گئی ۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اگر مسجد کے لئے راستہ ضروری ہے تو حکومت کو ازروئے قانون کارروائی کرنی چاہئے۔ کسی خانگی جائیداد پر مداخلت کا عہدیداروں کو حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی حصہ میں کبھی بھی مسجد کا دروازہ نہیں رہا۔ دوسری طرف سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہاکہ 2002 ء تک جنوبی حصہ میں دروازہ موجود تھا ، جسے پولیس نے سیکوریٹی وجوہات کے تحت بند کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود نے قانون کے مطابق کارروائی کی ہے اور قانونی نوٹس ملنے پر جواب دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT