Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد کے روزہ داروں کے لیے حکمران ابوظہبی شیخ خلیفہ بن زیدالنیہان کا کھجور کا تحفہ، حکومت تلنگانہ سے بھی کوویت کے کھجور الاٹ

مکہ مسجد کے روزہ داروں کے لیے حکمران ابوظہبی شیخ خلیفہ بن زیدالنیہان کا کھجور کا تحفہ، حکومت تلنگانہ سے بھی کوویت کے کھجور الاٹ

حیدرآباد ۔ 7۔ جون (سیاست نیوز) ابوظہبی کے  حکمراں شیخ خلیفہ بن زید النیہان کی جانب سے حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے دوران افطار کیلئے خصوصی کھجور بطور تحفہ روانہ کئے گئے۔ کیرالا میں موجود ابوظہبی کے قونصلیٹ کے ذمہ داروں نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی سے ملاقات کی اور ابوظہبی کے حکمراں کی جانب سے روانہ کئے گئے 530 کیلو کھجور کا تحفہ پیش کیا۔ یہ پہلا موقع جب ابو ظہبی کے سلطان نے تاریخی مکہ مسجد میں روزہ داروں کیلئے کھجور کا تحفہ پیش کیا۔ مسجد میں روزانہ تقریباً 4 تا 5 ہزار افراد افطار کیلئے موجود رہتے ہیں جن میں خواتین کی بھی خاصی تعداد ہوتی ہے۔ مسجد انتظامیہ کی جانب سے تمام کو کھجور پیش کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے ایک ماہ کیلئے ایک ہزار کیلو کھجور الاٹ کئے ہیں جو کویت کے امپورٹیڈ ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ عبدالقدیر صدیقی کے مطابق ایک ما ہ کیلئے یہ کھجور کافی ہوجاتے ہیں۔ اتوار کو روزہ داروں کی تعداد بڑھ کر 6000 تک پہنچ جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ داروں کیلئے پینے کے پانی کا موثر انتظام کیا گیا ہے ۔ مسجد میں سیکوریٹی کے سلسلہ میں پولیس کے 17 زائد نوجوانوں کو تعینات کیا گیا اور بم اسکواڈ کی تلاشی روزانہ عمل میں آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کی جانمازوں کی تبدیلی کیلئے 60 لاکھ روپئے کا تخمینہ مقرر کیا گیا ہے اور مسجد کے چھت کی درستگی کے کام کے بعد نئی جانمازیں خریدی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کارپیٹ کو کیمیکل سے دھونے کا انتظام کیا گیا ۔ اس کے علاوہ اس پر بچھانے کیلئے ایک ہزار میٹر کپڑا۔ حاصل کیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ کے مطابق دوسرے اور تیسرے دہے میں افطار و تراویح کے موقع پر خصوصی انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT