Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد کے سیکوریٹی گارڈس دو ماہ کی تنخواہ سے محروم

مکہ مسجد کے سیکوریٹی گارڈس دو ماہ کی تنخواہ سے محروم

سپرنٹنڈنٹ سے نمائندگی بے فیض ثابت ، دفتر ڈی سی پی پرانی حویلی پر دھرنا
حیدرآباد۔ 13۔ اپریل ( سیاست نیوز) مکہ مسجد کی سیکوریٹی پر تعینات ہوم گارڈس نے دو ماہ سے تنخواہوں سے محرومی پر آج ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون کے دفتر پرانی حویلی پر دھرنا منظم کیا ۔ مکہ مسجد میں 25 ہوم گارڈس سیکوریٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں اور ہر ہوم گارڈ کی ڈیوٹی 24 گھنٹے کی ہوتی ہے۔ ہوم گارڈس کو شکایت ہے کہ تنخواہوں کی اجرائی میں ہمیشہ تاخیر کی جارہی ہے ۔ گزشتہ دو ماہ سے انہیں تنخواہ ادا نہیں کی گئی جس کے باعث وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ اس سلسلہ میں سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد سے کی گئی نمائندگیاں بے فیض ثابت ہوئیں۔ ہوم گارڈس کے احتجاج کے بعد عہدیداروں نے انہیں بہت جلد تنخواہ کی اجرائی کا تیقن دیا۔ واضح رہے کہ مکہ مسجد میں سیکوریٹی کیلئے نصب کئے گئے 23 سی سی ٹی وی کیمرے ناکارہ ہوچکے ہیں اور یہ طویل عرصہ سے ناکارہ ہیں لیکن حکام نے ان کی درستگی یا نئے کیمرے نصب کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی۔  سیکوریٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈس کو سی سی ٹی وی کیمرے ناکارہ ہونے کے سبب مزید چوکسی کے ساتھ کام کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ دو ماہ کی تنخواہ نہ ملنے سے وہ گھر کے اخراجات چلانے قرض حاصل کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے متعلقہ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے تنخواہوں کی جلد اجرائی کی ہدایت دی۔

TOPPOPULARRECENT