Saturday , July 21 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد کے کاموں کی سست رفتاری پر صدرنشین وقف بورڈ کی برہمی

مکہ مسجد کے کاموں کی سست رفتاری پر صدرنشین وقف بورڈ کی برہمی

چیف منسٹر کے پاس اعلی سطحی اجلاس کا فیصلہ، محمد سلیم نے مکہ مسجد کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔11 مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کاموں کی سست رفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کنٹراکٹر اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت کے دوران کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو مسجد کی ضروریات پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ مسجد میں وضو اور پینے کے لیے پانی کی قلت ہے اور مصلیان مسجد نے اس کی شکایت کی۔ صدرنشین وقف بورڈ کے ہمراہ زونل کمشنر بلدیہ ایس سرینواس ریڈی، ڈپٹی ڈائرکٹر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا ڈی نارائنا، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی، رکن اسمبلی احمد بلعلہ اور دوسرے موجود تھے۔ محمد سلیم نے مکہ مسجد کے اندرون حصہ کا معائنہ کرتے ہوئے جائے نمازوں کی صفائی اور فانوس کی بہتر نگہداشت کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران خاص طور پر تراویح کے موقع پر صفوں کے درمیان پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے ۔ موسم گرما کے پیش نظر تراویح کے موقع پر نمازیوں کو سہولت ہوگی انہوں نے مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصہ میں کولرس کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ محمد سلیم نے مسجد کے صحن میں قائم کردہ شیڈ اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران زائد عملہ کو مقرر کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کیے جائیں۔ افطار کے بعد صحن کی صفائی کی ضرورت پڑتی ہے کیوں کہ سینکڑوں کی تعداد میں روزہ دار افطار کرتے ہیں۔ مسجد کے ہائوز میں پانی کی کمی کے بارے میں استفسار کیا۔ مصلیان مسجد کی شکایت پر محمد سلیم نے کہا کہ اگر رمضان المبارک تک عہدیداروں کی جانب سے انتظام نہ کیا گیا تو وہ اپنے خرچ سے پانی کا انتظام کریںگے۔ انہوں نے مسجد کے سمپ کی صفائی کی ہدایت دی جسے کئی برسوں سے صاف نہیں کیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چھت کے کام کی مرمت کے باعث اندرونی حصہ میں کارپٹ بچھانے کا کام روک دیا گیا ہے۔ چھت کا کام مکمل ہونے کے بعد نئی کارپٹ بچھائی جائے گی۔ محمد سلیم نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور تعمیری کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کے پاس اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ چیف منسٹر سے زائد فنڈس حاصل کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اعلیٰ سطح پر اجلاس کے دوران مسائل کی یکسوئی بآسانی ممکن ہوگی۔ محمد سلیم نے کنٹراکٹر اور آکیالوجیکل سروے کے درمیان تنازعہ کو نامناسب قرار دیا اور کہا کہ اس کاموں کی تکمیل میں فرق پڑے گا۔ محمد سلیم نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت سے بروقت نمائندگی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ نے تمام ضروری امور کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ مسجد کیلئے درکار الیکٹریکل اور دیگر آلات کو حاصل کیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کو درکار امور سے متعلق جو فہرست روانہ کی گئی تھی اس کے مطابق ضروری اشیاء مکہ مسجد پہنچ چکی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ رمضان المبارک کے دوران پھر ایک مرتبہ مسجد کا دورہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT