Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ حادثہ پر جناب زاہد علی خاں کا اظہار رنج

مکہ مکرمہ حادثہ پر جناب زاہد علی خاں کا اظہار رنج

حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مکہ مکرمہ میں پیش آئے حادثہ پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حرم شریف میں ایسے وقت جب کہ لوگ عبادات و اذکار میں مصروف تھے ۔ کرین گرنے کا حادثہ پیش آیا جس میں 102 افراد جاں بحق ہوگئے اور 184 زخمی ہوئے ہیں ۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کے لیے غیر معمولی اور مثالی انتظامات کئے جاتے ہیں اور اقطاع عالم سے جمع ہونے والے لاکھوں بندگان خدا کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچائی جاتی ہیں ۔انہوں نے اس حادثہ کے فوری بعد انتظامیہ کے حرکت میں آتے ہوئے زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج اور انہیں مقامات مقدسہ لے جانے کا انتظام کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سعودی حکومت اس حادثہ کی تحقیقات کے بعد اگر کچھ خامیوں کا پتہ چلے تو اسے دور کرے گی ۔ اس حادثہ میں دو ہندوستانی عازمین حج کے جاں بحق ہونے پر انہوں نے تعزیت ظاہر کی ۔ زخمیوں بالخصوص تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ جناب زاہد علی خاں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور عازمین کو حج مبرور عطا فرمائے ۔

TOPPOPULARRECENT