Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے آج قرعہ اندازی

مکہ مکرمہ حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے آج قرعہ اندازی

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی افتتاح کریں گے ، عازمین حج کو دو وقت طعام کا انتظام
حیدرآباد۔ 12 مئی (سیاست نیوز) حج 2017ء کے لیے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں قرعہ اندازی کل 13 مئی کو چومحلہ پیلس خلوت میں کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی 3:30 بجے سہ پہر قرعہ اندازی کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، ناظر رباط حسین محمد الشریف اور نظام ٹرسٹ کے عہدیدار موجود رہیں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے اشتراک سے 1283 نشستوں کے لیے آن لائین قرعہ اندازی کے تمام انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔ تلنگانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 42 اضلاع کے 5251 عزیزیہ زمرے کے عازمین میں سے یہ قرعہ اندازی کی جائے گی۔ جاریہ سال ناظر رباط نے 1283 عازمین حج کے قیام کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب سے تصریح حاصل کرلی ہے۔ گزشتہ سال 678 عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی تھی تاہم جاریہ سال یہ تعداد دوگنی کردی گئی ہے۔ ناظر رباط نے بکوتما علاقہ میں تین عمارتیں کرائے پر حاصل کی ہیں۔ آصف سابع نواب میر عثمان علی خان نے سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کی سہولت کے لیے رباط تعمیر کی تھی۔ اسی منشا وقف کی تکمیل کرتے ہوئے ہر سال 3 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے سابق ریاست حیدرآباد کے علاقوں کے عزیزیہ زمرے کے عازمین کو یہ سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ تلنگانہ کے 31 اضلاع میں عزیزیہ زمرے کے تحت 2596 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ مہاراشٹرا 8 اضلاع سے 2083 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے 572 درخواستیں عزیزیہ زمرے میں داخل کی گئی ہیں۔ رائل فیملی کے ارکان کے لیے 10 فیصد نشستیں مختص کی جائیں گی جبکہ تین خادم الحجاج کے لیے بھی نشستیں محفوظ کی جائیں گی۔ باقی نشستوں کے لیے قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ منتخب عازمین کے علاوہ ویٹنگ لسٹ بھی تیار کی جائے گی تاکہ رباط میں قیام سے عدم دلچسپی رکھنے والے عازمین کی جگہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کا انتخاب کیا جاسکے۔ منتخب عازمین کو نظام ٹرسٹ کی جانب سے پرمٹ لیٹر جاری کیا جائے گا اور فی عازم 45 تا 50 ہزار روپئے کی بچت ہوگی۔ نظام ٹرسٹ کے صدرنشین نواب خیرالدین علی خان اور ٹرسٹیز ابوالفیض خان اور دوسرے قرعہ اندازی کے موقع پر موجود رہیں گے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی خواہش پر عازمین حج کو دو وقت کے لیے طعام کا انتظام کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ تلنگانہ حکومت اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ ہر سال رباط میں قیام کی سہولت میں اضافہ کیا جائے تاکہ عزیزیہ زمرے کے تمام عازمین کا احاطہ کیا جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے قرعہ اندازی کے مسئلہ پر ناظر رباط اور نظام ٹرسٹ کے درمیان تنازعہ کی یکسوئی میں اہم رول ادا کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT