Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں حجاج کیلئے قیام وطعام کے انتظامات کی ستائش

مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں حجاج کیلئے قیام وطعام کے انتظامات کی ستائش

ناظر رباط حسین محمد الشریف کی شخصی دلچسپی ، حاجیوں کے اخراجات میں بچت ، حاجیوں کا ناظر رباط سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔12 اکٹوبر (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں حج 2015ء کے حجاج کرام کے لئے پہلی مرتبہ مفت قیام کے علاوہ مفت طعام کا انتظام کیا گیا تھا۔ نظام رباط کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقف ہے جب ناظر رباط نے موجودہ عمارت کے علاوہ مزید دو عمارتیں کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے جملہ 588 حجاج کرام کے لئے قیام کا انتظام کیا تھا۔ موجودہ رباط میں صرف 258 حجاج کرام کے قیام کی گنجائش تھی تاہم ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کی مساعی پر ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے 600 حجاج کے قیام اور تین وقت کا کھانہ مفت فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ انہوں نے مسفلاح کی موجودہ عمارت کے علاوہ مزید دو عمارتیں کرایہ پر حاصل کیں جن میں مسفلاح کی دوسری عمارت میں 83 اور الشیشہ میں واقف عمارت میں 247 حجاج کرام کے قیام کے انتظامات کئے گئے۔ ناظر رباط نے سابق ریاست حیدرآباد کے 20 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرے کے حجاج کرام کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا۔ تلنگانہ کے 10 اضلاع کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے 10 اضلاع کے حجاج کرام کو قرعہ اندازی میں شامل کیاگیا۔ رباط کی عمارتوں میں قیام کرنے والے حجاج کرام نے ناظر رباط کے انتظامات کی ستائش کی۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے شخصی طور پر تمام انتظامات کی نگرانی کی اور تین وقت معیاری کھانے کی سربراہی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مفت کھانے کے علاوہ آرامدہ اور صاف ستھرا بستر، ہر فلور پر پینے کے پانی کے طور پر زم زم کی فراہمی، بیاگیج اور وہیل چیر کی فراہمی، کپڑوں کی دھلائی کے لئے واشنگ مشین کا انتظام، 24 گھنٹے ہائوز کیپنگ کی سہولت، حرم شریف پہنچنے کے لئے الشیشہ سے ٹرانسپورٹیشن کی سہولت، مکہ مکرمہ میں مقاماتِ مقدسہ کی زیارت اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کو تغذیہ بخش غذائوں کی سربراہی کے لئے ماہر کیٹرر رواف فوڈ سلوشنز کی خدمات حاصل کی گئیں۔ حجاج کرام کی رباط آمد کے ساتھ ہی انہیں مشروبات اور منرل واٹر فراہم کیا گیا اور ان انتظامات سے حجاج کرام کافی خوش تھے۔ 35 دن میں تقریباً 60 ہزار وقت کا کھانہ سربراہ کیا گیا۔ حجاج کرام کے لئے بفے سسٹم سے تین وقت کے کھانے کا انتظام کیا گیا اور مختلف اقسام کی روٹی، دالیں اور دیگر سالن سربراہ کئے گئے۔ لنچ اور ڈنر کے مینو میں جو اہم ڈیشس شامل تھیں، چکن تکہ مسالہ، چکن بریانی، چکن مکھنی، مٹن خیمہ فرائی، کھچڑی، پلین رائس، ویجٹیبل بریانی، مٹن بریانی، دال مکھنی، مسور دال، سانبر، ترکاری کا سالن، مونگ دال، دال پالک، بینگن مسالہ وغیرہ شامل تھے۔ اس کے علاوہ مختلف اقسام کے میوے جات بھی سربراہ کئے گئے۔ نماز فجر کے فوری بعد ناشتہ کا انتظام کیا گیا جبکہ نماز ظہر کے بعد لنچ اور عشاء کے بعد ڈنر سرو کیا گیا۔ بعض حجاج کرام کی خواہش پر ان کے بتائے ہوئے وقت پر کھانہ فراہم کیا گیا کیوں کہ وہ زیادہ دیر تک حرم میں عبادتوں میں مصروف تھے۔ حجاج کرام کو حیدرآبادی چائے 24 گھنٹے دستیاب رہی۔ ایام حج کے لئے حجاج کی منیٰ روانگی کے موقع پر ناظر رباط کی جانب سے کھجور، پھل، بسکٹس، لبن، منرل واٹر، مشروبات اور دیگر اشیاء فراہم کی گئیں تاکہ 5 دن ایام حج کے دوران انہیں کوئی تکلیف نہ ہو۔ حجاج کرام کے لئے بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی اور مفت دوائیں سربراہ کی گئیں۔ رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام کو فی کس 45 ہزار روپئے حج کی بچت ہوئی ہے اور مفت کھانے کے انتظام تک انہیں مزید 15 ہزار روپئے کی بچت ہوئی۔ اس طرح رباط میں قیام کرنے والے ہر حاجی کو تقریباً 60 ہزار روپئے کی بچت ہوئی ہے۔ مدینہ منورہ روانگی کے موقع پر حجاج کرام نے رباط کے انتظامات پر ناظر رباط سے اظہار تشکر کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے حجاج کرام کو حج کی مبارکباد پیش کی اور بہ صحت و عافیت وطن واپسی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT