Sunday , November 19 2017
Home / انتقال نام / مکہ مکرمہ میں حیدرآباد کے 2 حجاج کا انتقال

مکہ مکرمہ میں حیدرآباد کے 2 حجاج کا انتقال

 

حیدرآباد۔/9ستمبر، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے2 حجاج کرام کا آج انتقال ہوگیا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ بورا بنڈہ سے تعلق رکھنے والے 68 سالہ جناب یوسف خاں کا آج صبح مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا۔ وہ کور نمبر TSF-3906-2 کے تحت اپنی اہلیہ محترمہ فاطمہ بیگم کے ہمراہ 17 اگسٹ کو حیدرآباد سے رونہ ہوئے تھے۔ ان کا انتخاب ویٹنگ لسٹ کے تحت عمل میں آیا تھا۔ آج صبح اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد انتقال ہوگیا اور توقع ہے کہ آج رات مکہ مکرمہ میں تدفین عمل میں آئے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے انڈین حج مشن سے ربط قائم کیا اور خادم الحجاج کو بھی ہدایت دی کہ وہ تدفین کے انتظامات کریں۔ نماز جنازہ حرم شریف میں ادا کی جائے گی اور تدفین منٰی کے قبرستان جنت الحجاج میں عمل میں آئے گی۔ اسی دوران ٹولی چوکی سے تعلق رکھنے والے 73 سالہ جناب محمد جمال الدین کا آج دوپہر عزیزیہ کی قیامگاہ میں قلب پر حملہ کے باعث انتقال ہوگیا۔ انھیں قلب پر حملہ کے بعد النور ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ وہ کور نمبر TSR-5333-2 کے تحت اپنی اہلیہ محترمہ نور جہاں بیگم کے ساتھ 17 اگسٹ کو حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے تدفین کے سلسلہ میں انتظامات کی ہدایت دی اور امکان ہے کہ کل بعد نماز فجر تدفین عمل میں آئے گی۔
پروفیسر ایس اے شکور نے دونوں حاجی صاحبان کے افراد خاندان اور پسماندگان سے ربط قائم کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔ واضح رہے کہ حیدرآباد ایمبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے 8 حجاج کرام کا انتقال ہوا ہے جن میں 6 کا تعلق تلنگانہ ریاست سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر تمام حجاج کرام اپنی قیامگاہوں میں خیریت سے ہیں۔ نماز کے اوقات میں حرم روانگی کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ 13 یا 14 ستمبر سے حجاج کرام کے قافلوں کی مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوگا جہاں وہ 7 دن قیام کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT