Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ میں منہدمہ رباط کے معاوضہ پر ذاتی عمارتوں کی خریدی

مکہ مکرمہ میں منہدمہ رباط کے معاوضہ پر ذاتی عمارتوں کی خریدی

پہلی مرتبہ حیدرآبادی رباط کی عمارتیں، عازمین کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کا عزم : حسین محمد الشریف
حیدرآباد۔/13مئی، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں ناظر رباط حسین محمد الشریف نے اپنی مساعی کے ذریعہ توسیع میں منہدم کی گئی رباطوں کا حکومت سعودی عرب سے معاوضہ حاصل کرتے ہوئے باکوتما علاقہ میں 3 عمارتیں خرید لی ہیں۔ مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباطوں کے انہدام کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآبادی رباط کی ذاتی عمارتیں ہوچکی ہیں جن میں عازمین حج و عمرہ قیام کرپائیں گے۔ حسین محمد الشریف جو گذشتہ 22 برسوں سے عازمین حج و عمرہ کی خدمات انجام دے رہے ہیں بتایا کہ ان کے والد محمد شریف صاحب مرحوم نے 30 برس تک ناظر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کی فہرست کے حساب سے قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی اور فہرست کے علاوہ کسی بھی شخص کو قیام کی اجازت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاریہ سال رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو صبح اور شام دو وقت کا کھانا فراہم کریں گے اور عازمین کے کپڑوں کی دھلائی اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا جائے گا تاکہ ان کی عبادتوں میں خلل نہ ہو۔ ناظر رباط نے کہا کہ رباط میں قیام سے فی عازم 45 تا50 ہزار روپئے کی بچت ہوتی ہے اور جاریہ سال کے 1283 عازمین کے اعتبار سے مجموعی طور پر 6 کروڑ 40 لاکھ روپئے سے زائدکی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ سے قریب موجودہ حیدرآبادی رباط کی قدیم عمارت کو انہدام کیلئے حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔ حکومت سعودی عرب سے جو بھی معاوضہ حاصل ہوگا اس رقم سے ایک اور نئی عمارت حاصل کی جائے گی جس میں آئندہ سال عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حج 2018 کیلئے عازمین حج کو رباط میں قیام کی موجودہ تعداد 1283 سے مزید اضافہ ہوگا۔ حسین محمد الشریف نے بتایا کہ اوقاف کمیٹی نظام سے جو معمولی اختلافات تھے وہ ختم ہوچکے ہیں اور موجودہ کمیٹی سے بہتر تعاون حاصل ہورہا ہے۔ 22 برس تک جو واقعات پیش آئے اس سے انہیں تکلیف ضرور پہنچی لیکن موجودہ کمیٹی کے ذمہ داروں سے بہتر تعاون کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی رباط کے آغاز کا مقصد اور منشاء سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کو سہولت پہنچانا تھا اور وہ اسی مقصد کو آگے بڑھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال منتخب عازمین کو اوقاف کمیٹی سے پرمٹ لیٹر حاصل کرنا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT