Thursday , August 16 2018
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں 1286 عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات

مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں 1286 عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات

فی عازم 47000 روپئے کی بچت، عمرہ اور زیارات کا مرحلہ مکمل،ناظر رباط حسین محمد الشریف کوعازمین کی دعائیں
حیدرآباد۔/12اگسٹ ، ( سیاست نیوز) سابق ریاست حیدرآباد کے عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کیلئے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں تمام سہولتوں کے ساتھ بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف کی نگرانی میں بکوتما علاقہ میں عصری سہولتوں کے ساتھ موجود 3 عمارتوں میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ گزشتہ 3 برسوں سے تلنگانہ حکومت کی خواہش پر حسین محمد الشریف نے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ 1996 سے گزشتہ سال تک حج اور عمرہ کے سلسلہ میں سابق ریاست حیدرآباد کے 96703 عازمین نے رباط کی سہولت سے استفادہ کیا۔ تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع کے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا تھا۔ جاریہ سال 1286 عازمین ایام حج کے دوران رباط میں قیام کریں گے اور اس سہولت سے مجموعی طور پر سابق نظام اسٹیٹ کے عازمین کو 6 کروڑ روپئے سے زائد کی بچت ہوگی۔ جناب حسین محمد الشریف نے اپنے والد جناب شریف محمد ایڈوکیٹ مرحوم کی روایات کو جاری رکھتے ہوئے عازمین حج کی خدمات میں اضافہ کیا ہے۔ حکومت سعودی عرب نے 1996 میں انہیں ناظر رباط مقرر کیا جس کیلئے رائل کورٹ آف مکہ نے احکامات جاری کئے تھے۔ حسین محمد الشریف اپنی خدمات کے 22 سال مکمل کرچکے ہیں اور تقریباً ایک لاکھ عازمین کیلئے حج اور عمرہ کے موقع پر رہائش اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا ہے۔ سلطنت آصفیہ کے نظام نواب افضل الدولہ نے 18ویں صدی میں نظام اسٹیٹ کے عازمین کی سہولت کیلئے مکہ مکرمہ میں جائیدادیں خریدی تھیں۔ 1967ء میں ہز ایکسلینسی نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر نے ذمہ داری سنبھالی اور شریف محمد ایڈوکیٹ کے ذریعہ انتظامات کروائے۔ رباط نظام حیدرآباد دکن ایک فلاحی ادارہ ہے جس کا مقصد سابق نظام اسٹیٹ کے عازمین کی خدمت کرنا ہے۔ سال بھر عمرہ اور حج کے عازمین کی خدمت انجام دی جاتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں حج اور عمرہ کے عازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ رباط میں قیام سے فی عازم تقریباً 47000 روپئے کی بچت ہوتی ہے۔ گزشتہ سال 1284 عازمین کو 6 کروڑ سے زائد کی بچت ہوئی تھی۔ عازمین کو مفت قیام کی سہولت کے ساتھ دیگر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ شریف محمد ایڈوکیٹ کے خاندان کا شمار اشراف مکہ میں ہوتا ہے۔2014 سے حسین محمد الشریف نے عمرہ اور رمضان میں قیام کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کیا ہے جس سے کسی درمیانی فرد سے رجوع ہوئے بغیر یا حیدرآباد میں کسی مخصوص دفتر میں درخواست کی بجائے راست رباط کے ویب سائٹ سے قیام کی اجازت حاصل کرسکتے ہیں۔ ناظر رباط نے سابق نظام اسٹیٹ کے 42 اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کا فیصلہ کیا تاکہ انتخاب میں مکمل شفافیت رہے۔ اس کیلئے عازمین کو علحدہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں بلکہ سنٹرل حج کمیٹی کے عزیزیہ زمرہ میں شامل عازمین از خود قرعہ اندازی میں شمولیت کے مستحق ہوجائیں گے۔2016 سے ہر سال قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب کیا جارہا ہے جس میں ناظر رباط حسین محمد الشریف بہ نفس نفیس شرکت کررہے ہیں۔ حسین محمد الشریف نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت وہ اپنے لئے افتخار سمجھتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ ہر سال انتظامات بہتر سے بہتر کئے جائیں۔ انہوں نے عمرہ اور حج کیلئے رباط میں قیام کے طریقہ کار کو انتہائی آسان بنادیا ہے۔ جس وقت حسین محمد الشریف نے 21 سال قبل ناظر رباط کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی رباط کی عمارتیں حرم شریف کی توسیع کے سلسلہ میں منہدم کردی گئیں تاہم ناظر نے اپنی مساعی کے ذریعہ عازمین کیلئے عمارتوں کے حصول کو یقینی بنایا۔ جاریہ سال قیام کرنے والے 1286 عازمین حج کیلئے رباط میں کچن کا انتظام کیا گیا ہے اور پکوان کیلئے گیس اسٹو فراہم کئے گئے ہیں۔ عازمین کو ہر کچن میں مختلف قسم کی ترکاری مفت سربراہ کی جارہی ہے تاکہ وہ اپنے طور پر پسند کا پکوان کرسکیں۔ اس کے علاوہ رباط میں لانڈری کی سہولت مفت حاصل رہے گی۔ آئرن بورڈز، لکویڈ سوپ، فری انٹرنیٹ، وہیل چیر، ایر کنڈیشنڈ کمرے، لفٹ، ہاؤزکیپنگ، حرم کیلئے بس سرویس، 24 گھنٹے رسپشن کاؤنٹر، ہر فلور پر زم زم کی سربراہی، نماز گاہ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ حسین محمد الشریف آنے والے برسوں میں عازمین کی تعداد میں اضافہ کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ قیام کے علاوہ عازمین کو غذا بھی سربراہ کی جائے۔ حسین محمد الشریف نے عازمین حج کی خدمت کے سلسلہ میں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی اور رہنمائی کا بطور خاص ذکر کیا اور کہا کہ اُن کی تجاویز اور رہنمائی کے سبب وہ بہتر خدمات انجام دینے کے موقف میں ہیں۔ حسین محمد الشریف نے عازمین حج سے شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ آصف ثامن نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کی صحت اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعاء کریں۔ عازمین حج نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حسین محمد الشریف کو دعائیں دیں۔ عمرہ کی تکمیل کے بعد رباط کے عازمین کو مکہ مکرمہ کے مقامات مقدسہ کی زیارت کرائی گئی اور اب عازمین حج کی تیاریوں میں مصروف ہوچکے ہیں۔ نماز کے اوقات سے قبل عازمین حج کو حرم شریف تک آمدورفت کیلئے بسوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT