Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / مکی آرتھر کے معاہدے میں 2019 تک توسیع

مکی آرتھر کے معاہدے میں 2019 تک توسیع

دبئی ۔7 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع کرتے ہوئے انہیں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 تک ٹیم کا کوچ مقرر کردیا گیا۔جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کو گذشتہ برس مئی میں دو سال کی مدت کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، ان کی مدتِ ملازمت آئندہ برس اپریل میں ختم ہونی ہے جو اب بڑھ کر ورلڈ کپ 2019 تک ہوگئی ہے۔ذرائع نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی2017 میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے پیش نظر ان کے معاہدے میں توسیع کی گئی ہے۔مکی آرتھر نے پی سی بی سے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ہمراہ کام کرنے والے دیگر کوچنگ اسٹاف کے معاہدے بھی بڑھا دیے جائیں تاکہ اسی امتزاج کے ساتھ ورلڈ کپ 2019 کی تیاری کی جاسکے۔خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن اور بولنگ کوچ اظہر محمود کو مکی آرتھر کی ہی تجویز پر ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔پی سی بی نے مکی کے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد مکی آرتھر ورلڈکپ 2019 کے لیے بھی بہترین کوچ ثابت ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ کرکٹ کا بارہواں عالمی میلہ مئی سے جولائی 2019 تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا جس میں کرکٹ کی صف اول کی 10 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

TOPPOPULARRECENT