مہاراشٹرا اسمبلی مراٹھا تحفظات کے مسئلہ پر اپوزیشن کی گڑبڑ کے باعث دوبار ملتوی

ممبئی ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اسمبلی کا اجلاس آج دو مرتبہ ملتوی کیا گیا کیونکہ مراٹھا تحفظات میں دیگر پسماندہ طبقات کی گنجائش فراہم کرنے کیلئے اپوزیشن کانگریس اور این سی پی نے گذشتہ ہفتہ کا اپنا مطالبہ جاری رکھا اور ایوان اسمبلی میں اس سلسلہ میں مسودہ قانون پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسمبلی اسپیکر ہری بھاؤ بگڑے نے جب وقفہ سوالات کا اعلان کیا تو ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر وجئے وڈیٹیوار نے مطالبہ کیا کہ اجلاس ملتوی کردیا جائے چنانچہ ایوان کا اجلاس اپوزیشن کی گڑبڑ کے پیش نظر دو بار ملتوی کیا گیا۔ دریں اثناء چیف منسٹر مہاراشٹرا نے تیقن دیا کہ ایوان اسمبلی میں مراٹھا تحفظات اور ریاست کے پسماندہ طبقات کمیشن کی سفارشات جو مراٹھا کوٹہ کے بارے میں ہیں اور حکومت کی کارروائی کی رپورٹ ایک ساتھ پیش کی جائے گی۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے یہ تیقن دیتے ہوئے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی کے اجلاس میں رکاوٹیں نہ پیدا کریں۔

TOPPOPULARRECENT