Thursday , December 14 2017
Home / سیاسیات / مہاراشٹرا میونسپل کونسل و نگر پنچایت انتخابات

مہاراشٹرا میونسپل کونسل و نگر پنچایت انتخابات

کانگریس کی شاندار کارکردگی ‘ 105 وارڈز پر کامیابی
ممبئی 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا بھر میں 345 وارڈز کیلئے ہوئے میونسپل کونسل اور نگر پنچایت کے ضمنی انتخابات میں کانگریس نے شاندار مظاہرہ کیا ہے اور اس نے میونسپل کونسل و نگر پنچایتوں میں 105 وارڈز پر کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ این سی پی کو ان انتخابات میں دوسرا اور شیوسینا کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے جبکہ بی جے پی کو صرف 39 نشستوں کے ساتھ چوتھے مقام پر اکتفا کرنا پڑا ہے ۔ یہ انتخابات اتوار کو ہوئے تھے اور ان کے نتائج کا کل رات دیر گئے اعلان کیا گیا ۔ قطعی نتائج میں واضح ہوا ہے کہ کانگریس پارٹی نے 105 نشستوں کے ساتھ سب پر سبقت حاصل کرلی ہے اور این سی پی نے 80 وارڈز کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا ہے ۔ شیوسینا کو 59 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ یہ انتخابات رائے گڈھ ‘ نندرپور ‘ احمد نگر ‘ ناندیڑ ‘ عثمان آباد ‘ ہنگولی ‘ واشم اور چندرا پور کونسلوں اور نگر پنچایتوں کیلئے ہوئے تھے ۔ ضمنی انتخابات رتنا گیری ‘ جلگاؤں ‘ لاتور ‘ یوت مل ‘ وردھا اور بھنڈارا میں ہوئے تھے ۔ احمد نگر ضلع کے جم کھیڑ میں بی جے پی کو بھاری نقصان ہوا ہے جو منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ رام شنڈے کا آبائی مقام ہے ۔ چندر پور میں بھی پارٹی کو نقصان ہوا ہے جہاں کی نمائندگی وزیر فینانس سدھیر منگنتیوار کرتے ہیں۔ کانگریس اور این سی پی قائدین نے ان نتائج کو برسر اقتدار جماعت سے عوام کی ناراضگی قرار دیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT