Tuesday , May 22 2018
Home / ہندوستان / مہاراشٹرا میں تین مقامات پر آتشزدگی کے تین واقعات

مہاراشٹرا میں تین مقامات پر آتشزدگی کے تین واقعات

ممبئی پونے اور پالگڑھ میں آتشزدگی ، دونعشیں جھلس کر خاکسر،3 افراد ہلاک اور 7 زخمی
ممبئی۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے مضافات میں کنجور مارگ پر ایک 16 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ بھڑک اٹھنے سے کم از کم 7 افراد دم گھٹنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ الصبح پیش آیا۔ مجلس بلدیہ ممبئی کے آفات سماوی سے نمٹنے کے شعبہ کو آتشزدگی کی اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آج 8:23 بجے صبح مقام واردات پر پہنچا۔ چار فائر انجن اور چار واٹر ٹینکر بھی مقام واردات پر پہنچ گئے۔ 9:37 بجے دن آگ پر قابو پالیا گیا۔ عمارت میں مقیم چند افراد پھنس گئے تھے جنہیں بعدازاں فائر مینوں نے بچالیا۔ 7 افراد زخمی ہوگئے کیوں کہ ان کا دم گھٹ گیا تھا۔ انہیں قریبی ہسپتالوں میں شریک کردیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔ آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ برقی توانائی کے میٹر کے ڈبے میں گرائونڈ فلور پر شاک سرکٹ تھی۔ پونے سے موصولہ اطلاعات کے بموجب دو مزدور جھلس کر خاکستر ہوگئے جبکہ ایک پرنٹنگ پریس اور کاغذ کے ڈبے بنانے کے کارخانے میں شیواجی نگر کے علاقہ میں تین بجے شب آگ بھڑک اٹھی۔ آتش فرو عملہ موقع واردات پر پہنچ گیا کیوں کہ کارخانہ بند تھا اس لیے اس کے شٹر توڑدیئے گئے۔ کارخانے میں دو مزدور محو خواب تھے جن کی جھلس کر خاکستر نعشیں برآمد کی گئیں۔ آگ بجھانے کے لیے 7 فائر ٹینڈرس کی خدمات فراہم کی گئی تھیں۔ اس واردات کی وجہ بھی شاک سرکٹ بتائی جاتی ہے۔ پال گھر سے موصولہ اطلاعات کے بموجب ایک تین منزلہ عمارت میں علاقہ کاسا میں رات دیر گئے آتش زدگی کی واردات سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کو 3:30 بجے شب آتش زدگی کی اطلاع ملی۔ یہ عمارت رہائشی اور تجارتی تھی اور کاسا کے علاقے میں ایک مندر کے قریب واقع تھی۔ گرائونڈ فلور اور پہلی منزل پر ایک پرویژن اسٹور اور گودام مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر ہوگیا۔ ایک 46 سالہ شخص عزیز ویرانی جو پرویژن اسٹور کا شراکت دار مالک تھا جھلس کر خاکستر ہوگیا۔ دیہی پولیس کے پی آر او ہیمنت کمار نے کہا کہ نعشت پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردی گئی ۔چار حصو ںمیں مقیم افراد کا دوسری منزل سے تخلیہ کروادیاگیا۔ تین فائر انجن مقام واردات پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پالیا۔

TOPPOPULARRECENT