Tuesday , November 21 2017
Home / ہندوستان / مہیش بھٹ و کرن جوہر کو ایم این ایس کی دھمکی

مہیش بھٹ و کرن جوہر کو ایم این ایس کی دھمکی

پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے پر منہ توڑ جواب کا انتباہ
ممبئی 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا نو نرمان سینا کی فلمی ونگ نے فلم سازوں کرن جوہر اور مہیش بھٹ کو خبردار کیا کہ اگر وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرینگے یا ان کی فلمیں ریلیز کرینگے تو اس کا انہیں منہ توڑ جواب دیا جائیگا ۔ ایم این ایس چتراپت سینا کے صدر امئے کھوپکر نے کہا کہ ہم نے فلمی صنعت سے اپیل کی تھی کہ وہ اوری حملے کے پیش نظر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہ کریں تاہم مہیش بھٹ اور کرن جوہر نے ہماری اپیل پر مثبت رد عمل نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرتے ہیں تو انہیں ہمارے منہ توڑ جواب کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔ راج ٹھکارے کی قیادت والی پارٹی کی فلم ورکرس اسوسی ایشن نے تمام پاکستانی فنکاروں کیلئے حال ہی میں 48 گھنٹے کی مہلت دی تھی اور کہا تھا کہ وہ ہندوستان چھوڑ دیں۔ کھوپکر نے کہا کہ ہم نے پاکستانی اداکاروں اور فنکاروں کو 48 گھنٹے دئے تھے کہ وہ ہندوستان چھوڑ دیں یا پھر انہیں ایم این ایس کے ورکرس نکال باہر کرینگے ۔ انہوں نے پاکستانی فنکاروں کو مارپیٹ کرنے کا بھی انتباہ دیا اور کہا کہ انہیں بھی نشانہ بنایا جائیگا جو پاکستانی فنکاروں کو موقع دیتے ہیں۔ ایم این ایس نے ہندوستان و پاکستان کے مابین کشیدگی میں اضافہ کے دوران یہ انتباہ دیا ہے جو اوری حملہ کے بعد پیدا ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT