Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / میانمار میں طاقتور زلزلہ، ہندوستان میں بھی اثرات

میانمار میں طاقتور زلزلہ، ہندوستان میں بھی اثرات

لوگ خوف کے عالم میں باہر نکل آئے، کوئی جانی و مالی نقصان نہیں

ایڈن گارڈن کا پریس باکس دہل گیا
کولکتہ ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ میں انڈین پریمیئر لیگ کے میاچ کا احاطہ کرنے والے صحافی آج زلزلہ سے زیادہ متاثر رہے۔ ایڈن گارڈن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس اور ممبئی انڈینس کے مابین مقابلہ کے دوران پریس باکس عملاً دہل گیا۔ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور تقریباً 30 ہزار شائقین نے بھی زلزلہ کے اثرات محسوس کئے لیکن پریس باکس جو چوتھی منزل پر صرف ستونوں کے سہارے تھا وہ تقریباً 4 سکنڈ تک بری طرح ہلتا رہا۔ اس کے ساتھ ہی سارے جرنلسٹ یہاں سے باہر نکل آئے اور پریس باکس کچھ دیر کیلئے سنسان ہوگیا تھا۔ زلزلہ کے دوران ہی گوتم گھمبیر اور روہت شرما کے مابین ٹاس اچھالا گیا تھا۔

یانگون ؍ نئی دہلی ؍ بیجنگ ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) میانمار میں آج رات طاقتور زلزلہ آیا اور اس کے اثرات مشرقی ہندوستان کے مختلف حصوں اور بنگلہ دیش کے علاوہ تبت میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کے ساتھ ہی لوگ خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ زلزلہ کی شدت 6.9 تھی اور یہ میانمار کے دارالحکومت نائپیڈا سے 396 کیلو میٹر شمال میں 153 کیلو میٹر کی گہرائی میں آیا۔ میانمار کے شہر یانگون میں زلزلہ کے ساتھ ہی عوام خوف و ہراس کے عالم میں باہر نکل آئے۔ خبر رساں ایجنسی اسوسی ایٹیڈ پریس کے نمائندے نے بتایا کہ جس وقت یانگون میں زلزلہ آیا وہ ہاسپٹل میں تھے اور اس کی 6 منزلہ عمارت دو مرتبہ ہل گئی۔ لوگ تیزی سے ہاسپٹل سے باہر نکلنے لگے۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے تقریباً ایک منٹ تک محسوس کئے گئے۔ ایک اور شخص نے بتایا کہ وہ اپنے کمرہ میں محوخواب تھا کہ اچانک اسے زمین ہلتی ہوئی محسوس ہوئی۔ پہلی مرتبہ اس کی شدت زیادہ تھی جبکہ دوسری بار کم شدت سے جھٹکے محسوس ہوئے۔ اس زلزلہ کا مبدا میانمار کے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈالے کے شمال مغرب میں تقریباً 220 کیلو میٹر دور پہاڑی علاقوں اور جنگل میں واقع تھا۔ یہاں آبادی کافی کم ہے

اور مکانات بھی زیادہ بلند نہیں ہیں۔ ہندوستان کی مختلف ریاستوں مغربی بنگال، جھارکھنڈ، بہار اور دہلی کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی زلزلہ کے اثرات محسوس کئے گئے۔ نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی کے سربراہ جے ایل گوتم نے بتایا کہ اوڈیشہ، اترپردیش، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ شمال مشرقی علاقوں میں یہ دوسرا زلزلہ تھا جبکہ منی پور کے دارالحکومت امپھال میں 9.26 بجے صبح بھی 4.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ مغربی بنگال کے شمالی اضلاع میں اس کے اثرات زیادہ محسوس کئے گئے۔ میٹرو ریلوے خدمات کو 5 منٹ کیلئے روک دیا گیا تھا۔ گوہاٹی میں عوام نے عمارتوں میں شگاف پڑجانے کی اطلاع دی۔ تمام شمال مشرقی ریاستوں کو زلزلہ کے اعتبار سے زون 5 میں رکھا گیا ہے اور اسے کافی حساس سمجھا جاتا ہے۔ اس دوران مرکزی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ زلزلہ کے باعث کہیں بھی کوئی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ جرمنی کے ریسرچ سنٹر فار جیو سائنسیس نے زلزلہ کی شدت 7.1 بتائی۔ چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے تبت خودمختار علاقہ کے دارالحکومت لحاسہ میں محسوس کئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT