Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / میاں پور ۔ ایل بی نگر میٹرو ریل کی جون تک تکمیل

میاں پور ۔ ایل بی نگر میٹرو ریل کی جون تک تکمیل

حیدرآباد کو عالمی معیار کی سہولتوں کے ساتھ ترقی دینے کا عزم ۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ
حیدرآباد 5 جنوری ( این ایس ایس ) وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج اعلان کیا کہ میاں پور اور ایل بی نگر کو جوڑنے والی میٹرو ریل کی راہداری کو آئندہ جون تک مکمل کرلیا جائیگا ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت میٹرو ریل کو مکمل کرنے کے عہد کی پابند ہے اور اس راہداری کو آئندہ جون تک مکمل کرلیا جائیگا ۔ کے ٹی راما راؤ نے وعدہ کیا کہ حیدرآباد شہر کو عالمی معیار کی سہولتوں کے ساتھ ترقی دی جائیگی اور یہاں تمام سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ انفرا اسٹرکچر کے قیام کو یقینی بنایاجائیگا ۔ یہاں ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ دونوں شہروں کے عوام کو پینے کے محفوظ اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 2000 کروڑ روپئے کی بھاری رقم سے ذخائر آب تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ 700 کروڑ روپئے آوٹر رنگ روڈ کے اطراف کے علاقوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے خرچ کئے جائیں گے اس کے علاوہ تقریبا 3,100 کروڑ روپئے کے صرفہ سے زیر زمین ڈرینیج سہولت کی تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایل بی نگر اور مہیشورم منڈلوں میں غریبوں کیلئے 4,000 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ ریاستی وزیر نے یہ بھی ادعا کیا کہ ریاست میں چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے 12,000 کروڑ روپئے کی خطیر رقومات خرچ کرتے ہوئے ریاست میں برقی سربراہی کی حالت کو بھی بہتر بنایا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT