Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / میدک ضمنی انتخاب میں جے پال ریڈی کی امیدواری پر غور

میدک ضمنی انتخاب میں جے پال ریڈی کی امیدواری پر غور

حیدرآباد /19 اگست (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر ایس جے پال ریڈی کو حلقہ لوک سبھا میدک کے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار بنانے پر کانگریس ہائی کمان غور کر رہی ہے، اس طرح کانگریس اپنے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد میں اضافہ کے لئے سنجیدہ نظر آرہی ہے۔ واضح رہے کہ مقامی طورپر جے پال ریڈی عوام کے مقبول ترین قائد ہیں۔ اس سلسلے میں ہائی کمان تلنگانہ کے قائدین اور جے پال ریڈی کے ساتھ رابطہ بنائے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی گجویل اور حلقہ لوک سبھا میدک سے مقابلہ کیا تھا، تاہم دونوں حلقوں سے کامیابی کے بعد انھوں نے میدک لوک سبھا نشست سے استعفی دے دیا۔ اب الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اسی دوران نجی دورہ پر حیدرآباد پہنچنے والے کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجے سنگھ سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا اور دیگر قائدین نے ملاقات کی اور تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورت حال کے علاوہ پارٹی کے استحکام اور میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخاب کے بارے میں بات چیت کی۔

TOPPOPULARRECENT