Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / میری افسردگی ختم ہوئی: غلام علی

میری افسردگی ختم ہوئی: غلام علی

کولکتہ ۔ 12 ۔ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی غزل گلوکار غلام علی نے آج نیتاجی انڈور اسٹیڈیم میں اپنی مسحور کن آواز کے ذریعہ سماں باندھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں وہ جاتے ہیں اور اپنی آواز دوسروں کو سناتے ہیں تو انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے لیکن اس بار وہ بیحد خوش ہیں ۔ وہ اکثر کولکتہ آتے رہے ہیں لیکن ایسا لگتاہے کہ اس بار وہ 50 سال کے بعد یہاں آئے ہیں۔ وہ بیحد افسردہ تھے اور آج ان کی افسردگی ختم ہوگئی ۔ پٹیالہ کے گھرانے سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ استاد غلام علی نے آج ان خیالات کااظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال شیوسینا کے احتجاج کی وجہ سے انہیں ممبئی میں اپنا پروگرام منسوخ کرنا پڑا تھا۔ اسٹیڈیم میں شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی اور جب انہوں نے مشہور غزل ’’چپکے چپکے رات دن…‘‘ اور ’’ہنگامہ ہے کیوں برپا…ٖ‘‘ سنائی تو سامعین جھوم اٹھے۔ غلام علی کے فرزند عامر علی نے بھی پروگرام میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے غلام علی کو ’’سنگیت سمراٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو ہم سب کیلئے تحفہ کے طور پر پھر یہاں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 12,000 کی گنجائش کے حامل اس اسٹیڈیم میں خواہشمندوں کی غیر معمولی تعداد کے باوجود انہیں جگہ نہ مل سکی۔ بالی ووڈ فلمساز مہیش بھٹ بھی شرکاء میں موجود تھے۔ انہوں نے چیف منسٹر کا یہ کہتے ہوئے شکریہ ادا کیا کہ ایسے مقبول و معروف گلوکار کی ہمارے درمیان موجودگی کسی کرشمہ سے کم نہیں۔ مہیش بھٹ نے کہا کہ ممبئی میں جو ماحول تیار کیا گیا تھا ، اس کی وجہ سے وہ ساری امیدیں چھوڑ چکے تھے لیکن یہاں سب کچھ بدل گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT