Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / میری پیدائش ٹی آر ایس میں ہوئی اور موت بھی ٹی آر ایس میں ہوگی : ٹی ہریش راؤ

میری پیدائش ٹی آر ایس میں ہوئی اور موت بھی ٹی آر ایس میں ہوگی : ٹی ہریش راؤ

سوشیل میڈیا پر پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات پر وزیر آبپاشی تلنگانہ کا تردیدی بیان
حیدرآباد۔ 9 مارچ (سیاست نیوز) میری پیدائش ٹی آر ایس میں ہوئی اور موت بھی اسی پارٹی میں ہوگی۔ وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو نے سوشل میڈیا میں پارٹی چھوڑنے سے متعلق اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ ہریش رائو نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے بعض گوشوں میں ٹی آر ایس چھوڑنے سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے خبروں اور جھوٹے پرچار کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کو ہدایت دی گئی کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ اس طرح کی خبریں پھیلانے والوں کا پتہ چلاکر ان کے خلاف سخت کارروائی کریں اور انہیں جیل بھیج دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی جو کوئی اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہوگا اسے سخت قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہریش رائو نے کہا کہ کوئی بھی شحص پارٹی سے ان کی علیحدگی کے بارے میں خواب میں بھی نہ سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ تحریک سے ابھر کر آئے ہیں اور کے سی آر کی قیادت پر بھروسہ کرتے ہوئے اور ان کے کہنے پر انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے دو مرتبہ استعفیٰ دیا۔ وزارت سے بھی استعفیٰ دیا۔ وہ قربانیوں کے ساتھ تلنگانہ تحریک سے وابستہ رہے۔ ہریش رائو نے ریمارک کیا کہ وہ قربانی جانتے ہیں اور دھوکہ دینا نہیں جانتے۔ دھوکہ دہی ان کے خمیر میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی ان کے بارے میں اس طرح کی جھوٹی خبروں کو پھیلائے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT