Saturday , October 20 2018
Home / Top Stories / میری پیدائش ٹی آر ایس میں ہوئی ‘موت بھی اسی میں ہوگی : ہریش راؤ

میری پیدائش ٹی آر ایس میں ہوئی ‘موت بھی اسی میں ہوگی : ہریش راؤ

سوشیل میڈیا پر پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات پر وزیر آبپاشی تلنگانہ کا شدید رد عمل
حیدرآباد 9 مارچ ( سیاست نیوز ) میری پیدائش ٹی آر ایس میں ہوئی اور موت بھی اسی پارٹی میں ہوگی۔ وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو نے سوشل میڈیا میں پارٹی چھوڑنے سے متعلق اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ ہریش رائو نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے بعض گوشوں میں ٹی آر ایس چھوڑنے سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی خبروں اور جھوٹے پرچار سے عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈی جی پی مہیندر ریڈی کو ہدایت دی گئی کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ اس طرح کی خبریں پھیلانے والوں کا پتہ چلاکر ان کے خلاف کارروائی کریں اور انہیں جیل بھیج دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جو کوئی اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہوگا اسے سخت قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ہریش رائو نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی سے ان کی علیحدگی کے بارے میں خواب میں بھی نہ سوچے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ تحریک سے ابھر کر آئے ہیں اور کے سی آر کی قیادت پر بھروسہ کرکے اور ان کے کہنے پر انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے دو مرتبہ استعفیٰ دیا۔ وزارت سے بھی استعفیٰ دیا۔ وہ قربانیوں کے ساتھ تلنگانہ تحریک سے وابستہ رہے۔ ہریش رائو نے ریمارک کیا کہ وہ قربانی جانتے ہیں دھوکہ دینا نہیں ۔ دھوکہ دہی ان کے خمیر میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ان کے بارے میں ایسی جھوٹی خبریں پھیلائے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT