میری کوم کے نام ریکارڈ چھٹا گولڈ میڈل

نئی دہلی۔24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کی سوپر مکے باز ایم سی میری کوم نے کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرائن کی ہانا اوکھوتا کو 5-0 سے شکست دے کر ایبا عالمی خواتین باکسنگ مقابلہ کے 45-48 کلو لائٹ فلائی ویٹ زمرے کا گولڈ میڈل جیت لیا ۔ میری کوم نے اس کے ساتھ ہی چھٹی مرتبہ گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ بنا دی۔ وہ یہ کارنامہ کرنے والی پہلی باکسر اور ٹورنمنٹ کی سب سے زیادہ کامیاب باکسر بن گئی ہیں۔35 سالہ سوپرمام میری نے یہ مقابلہ ججوں کے متفقہ فیصلے سے جیت لیا اور جیت کے بعد انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جس میں بھاری تعداد میں آئی جی اسٹیڈیم کے کے ڈی جادھو ہال میں موجود تھے ۔ پورے اسٹیڈیم میں ترنگا لہرا رہا تھا۔ عالمی باکسنگ مقابلہ کی برانڈ امبیسڈر پہلے ہی اپنا ساتواں عالمی چمپئن شپ میڈل یقینی بناکر ریکارڈ بک میں جگہ بنا چکی تھیں اور اب انہوں نے نئی تاریخ رقم کی۔ اس گولڈ میڈل کو جیتنے کے ساتھ ہی میری کی آنکھوں میں آنسوآ گئے ۔میگنی فشینٹ میری کے نام سے مشہور اولمپک میڈل یافتہ باکسر میری نے یہ مقابلہ 30-27، 29-28، 29-28، 30-27، 30-27 سے اپنے نام کیا۔ اپنا چھٹا گولڈ میڈل جیتنے کے ساتھ ہی میری نے آئرلینڈ کی کیٹی ٹیلر کو پیچھے چھوڑ دیا جن کے نام پانچ عالمی خطابات ہیں۔

TOPPOPULARRECENT