Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / میرے والد کو غصہ نہیں آتا : کویتا

میرے والد کو غصہ نہیں آتا : کویتا

میرے لیے حقیقی ہیرو ، عوام کی خدمت اولین ترجیح
حیدرآباد۔/8مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ ان کے والد مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ان کے لئے حقیقی ہیرو ہیں۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کویتا نے والدین کے ساتھ اپنے بچپن کی یادوں کو تازہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ’’ والد اور والدہ میں صبر وتحمل کافی حد تک موجود ہے، میں نے انہیں کبھی بھی غصہ میں نہیں دیکھا۔ انہوں نے مجھ پر کبھی ہاتھ نہیں اُٹھایا، میرے والد نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے، وہ ہمیشہ کتابیں پڑھنے کی ترغیب دیا کرتے اور تجزیاتی مطالعہ میں ان کی کافی حوصلہ افزائی رہی۔ لہذا میرے والد حقیقی ہیرو ہیں۔‘‘ کویتا نے کہا کہ تعلیم یافتہ افراد کے ذریعہ ہی سیاست میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ عہدوں کے بجائے عوام کیلئے خدمت کرنا اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کیلئے پولیس کی شی ٹیمس کی تشکیل کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان ٹیموں کے سبب خواتین پر مظالم اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے پولیس کئی ایک اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فلاحی اسکیمات میں خواتین کو اہمیت دے رہی ہے اور ان کی حصہ داری میں اضافہ کیلئے اراضیات کے پٹے خواتین کے نام پر دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں 33فیصد حصہ داری خواتین کو فراہم کی گئی ہے۔ کویتا نے کہا کہ خواتین میں غربت اور ناخواندگی کے خاتمہ کیلئے حکومت نے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ کویتا نے اپنے بچپن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بچپن کا حقیقی لطف اٹھایا اور اسکول میں انہوں نے کبھی بھی گڑبڑ نہیں کی، تعطیلات میں گاؤں جاکر وہاں جام کے درخت سے پھل کھاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بچپن کی یادوں اور اس کے لطف کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

TOPPOPULARRECENT