Thursday , November 15 2018
Home / کھیل کی خبریں / میسی کی 40ویں ہیٹ ٹرک ،رونالڈوکا گول رائیگاں

میسی کی 40ویں ہیٹ ٹرک ،رونالڈوکا گول رائیگاں

میڈرڈ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )اسپینش فٹبال لیگ لالیگا کے میچ میں ارجنٹیناکے اسٹار لیونل میسی نے اپنی40 ویں ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے بارسلونا کو لیگانیز کے خلاف 1-3 سے فتح دلا کر روایتی حریف اور دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڑ کو خطاب سے محروم کرنے کا مکمل انتظام کردیا ہے جبکہ رئیل میڈرڈ ڈربی میچ میں رونالڈو کے گول کے باوجود ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف میچ1-1 سے برابر کھیلنے پر مجبور ہو گئی۔ ہوم گراونڈ پر میسی نے 27 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک کی بنیاد رکھی جو 87منٹ میں مکمل ہوئی جبکہ اس دوران لیگانیز کے کھلاڑی نبیل الزاہر نے ایک گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی لیکن اس کے بعد مہمان ٹیم کو مزید کوئی گول کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔ اس ہیٹ ٹرک اور کامیابی کے نتیجے میں بارسلونا کے اس سیزن کا چیمپیئن بننے کی راہ مزید ہموار ہو گئی۔ اس کی قریب ترین حریف ایٹلیٹیکو میڈرڈ 11نشانات پیچھے ہے جبکہ دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ15 نشانات پیچھے ہے۔دوسری جانب رئیل میڈرڈ اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کا میچ1-1 گول سے برابر ہونے کی وجہ سے رئیل میڈرڈ کی ٹیم فرق کم نہ کر سکی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی تھی لیکن اینٹون گریزمان کے گول نے فتح کے امکان پر پانی پھیر دیا۔ دونوں گول دوسرے ہاف کے دوران صرف 4 منٹ کے فرق سے کئے گئے تاہم اس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔رونالڈو نے مسلسل 10ویں میچ میں گول کیا لیکن اس مرتبہ ان کا گول ٹیم کے لئے فتح گر ثابت نہیں ہوا ۔ میسی اپنے کلب کیلئے 40 ویں اور مجموعی طور پر45 ہیٹ ٹرک کے ساتھ اب اس لیگ میں گولڈن بوٹ کے بھی سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔ لیونل میسی نے29گول کئے ہیں اور خوش قسمتی سے اس لیگ میں محمد صلاح نہیں کھیل رہے ورنہ میسی کیلئے ٹاپ اسکورر بننا آسان نہ ہوتا۔

TOPPOPULARRECENT