Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / میسی کے دو گول بارسلونا کی آرسنل کے مقابل فتح

میسی کے دو گول بارسلونا کی آرسنل کے مقابل فتح

لندن ، 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) یورپی چمپینس لیگ فٹبال مقابلوں میں اسپینی کلب بارسلونا نے اپنے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کے دو گول کی بدولت برطانوی کلب آرسنل کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دی ہے۔ پیر کی شب لندن کے ایمیریٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل کے کھلاڑیوں کے پاس میسی، نیمار اور لوئی سواریز کے عمدہ کھیل کا کوئی جواب نہ تھا۔ میچ کے آغاز میں آرسنل کے ایلکس چیمبرلین اور اولیویر جروڈ کو اپنی ٹیم کو برتری دلوانے کے مواقع ملے مگر وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ میسی نے اپنی ٹیم کی جانب سے پہلا گول میچ کے 71ویں منٹ میں کیا۔ اس گول کیلئے انھیں سواریز اور نیمار کی مدد حاصل رہی۔ 12 منٹ بعد کھیل کے 83ویں منٹ میں بارسلونا کو اس وقت پینلٹی شاٹ ملی جب آرسنل کے متبادل کھلاڑی میتھیو فلیمینی نے میسی کو ڈی میں گرایا۔ میسی نے اس موقع پر ملنے والی پینلٹی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بارسلونا کی برتری دوگنی کر دی اور یہ برتری کھیل کے اختتام تک قائم رہی۔ اب آرسنل کی ٹیم اس مرحلے کا دوسرا میچ کھیلنے کیلئے تین ہفتے بعد بارسلونا کا رخ کرے گی۔ ہوم گراؤنڈ پر بارسلونا سے شکست کے بعد آرسنل کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات شدید متاثر ہوگئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT