Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / میناریٹی انگلش میڈیم ریزیڈنشیل اسکولس کے قیام کیلئے عمارتوں کو قطعیت

میناریٹی انگلش میڈیم ریزیڈنشیل اسکولس کے قیام کیلئے عمارتوں کو قطعیت

23اپریل تک تکمیل کی ہدایت، اے کے خاں نائب صدر نشین اسکولس سوسائٹی کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے قائم ہونے والے 71 انگلش میڈیم اقامتی اسکولوں کے کامیاب آغاز کیلئے ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو عبدالقیوم خاں نے آج ریاست کے تمام متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اے کے خاں اسکولوں سے متعلق سوسائٹی کے نائب صدرنشین ہیں۔ انہوں نے ریاستی اور ضلعی سطح کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 23اپریل تک اسکولوں کی تمام عمارتوں کو قطعیت دے دیں اور مالکین کے ساتھ معاہدات مکمل کرلیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام 71 اسکولوں کے آغاز کو یقینی بنانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دوسرے مرحلہ میں مزید 50 اقامتی اسکولس کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن و سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ، ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور، چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ، منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن اے وکٹر اور وقف سروے کمشنر معصومہ بیگم کے علاوہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس، ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس اقلیتی فینانس کارپوریشن اور ہر ضلع کے نوڈل آفیسرس نے شرکت کی۔ اے کے خاں نے عہدیداروں کے ساتھ اسکولوں کے قیام کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ اضلاع میں عمارتوں کے انتخاب کیلئے جن عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی تھی انہوں نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 71 اسکولوں کے منجملہ 65 اسکولوں کی عمارتوں کا انتخاب مکمل ہوچکا ہے۔ اے کے خاں نے کہا کہ 15مئی تک عمارتوں کی مرمت کا کام مکمل کرتے ہوئے سوسائٹی کے حوالے کردیا جائے جس کے بعد اسکولوں میں انفراسٹرکچر کی سربراہی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات عمل میں لائے جارہے ہیں جبکہ پکوان اور صفائی عملے کا آؤٹ سورسنگ بنیاد پر تقرر ہوگا۔ انہوں نے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کا معائنہ کیا۔ اسکولوں میں داخلے کیلئے طلبہ کو آن لائن رجسٹریشن کرنا لازمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع سے ایک لڑکا اور لڑکی کا انتخاب کرتے ہوئے آئندہ ہفتہ چیف منسٹر کی موجودگی میں آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے ہاتھوں اسکولوں کی تفصیلات سے متعلق بروچر کی رسم اجراء انجام دی جائے گی۔ اسکولوں کے حق میں تشہیر کیلئے 10 ویانس تیار کئے گئے ہیں جن میں سے ایک ویان آج اجلاس کے موقع پر پیش کی گئی۔ اسکولوں میں داخلے اور دیگر تفصیلات کیلئے ہیلپ لائن نمبر  040-33840000 سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ داخلہ کے خواہشمند طلبہ کے سرپرستوں کی سالانہ آمدنی شہری علاقوں میں 2 لاکھ اور دیہی علاقوں میں  دیڑھ لاکھ ہونی چاہیئے۔ آدھار کارڈ کی پیشکشی لازمی ہوگی۔ تاریخ پیدائش سرٹیفکیٹ یا اسکول کی ٹی سی قابل قبول رہے گی۔ امیدواروں کو پاسپورٹ سائیز کے دو فوٹوز داخل کرنے ہوں گے۔ طالب علم جس ضلع سے تعلق رکھتا ہے اسی ضلع کے اسکول میں داخلہ دیا جائیگا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسی بھی میڈیم سے تعلق رکھنے والے طلبہ داخلے کے اہل ہیں۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے ذریعہ نصابی کتب کی سربراہی عمل میں آئے گی۔ اے کے خاں نے انچارج عہدیداروں سے کہا کہ وہ ماتحت عہدیداروں کے کسی بھی تساہل کو برداشت نہ کریں۔ انہوں نے اسکولوں کے معاملات میں درمیانی افراد کے رول کے خلاف انتباہ دیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT