Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ریل میں سنٹرل ایر کنڈیشن کی سہولت فراہم ہوگی

میٹرو ریل میں سنٹرل ایر کنڈیشن کی سہولت فراہم ہوگی

اطراف کی بستیوں اور کالونیوں کیلئے بھی منی اے سی بسیں شروع کرنے آر ٹی سی حکام کی تجویز
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : میٹرو ریل میں سنٹرل اے سی ( ایر کنڈیشن ) لگائی جارہی ہے ۔ مسافرین ریل سے اترتے ہی اپنے گھروں کو بھی اے سی بسوں میں روانہ ہوں گے کیوں کہ گریٹر آر ٹی سی عہدیداران میٹرو اسٹیشنوں سے بستیوں اور کالونیوں کے لیے منی اے سی بسیں چلانے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ موسم کوئی بھی کیوں نہ ہو آر ٹی سی عہدیداران نے منی اے سی بسوں کو چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر میں 72 کیلو میٹر میٹرو کاریڈار کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے اور حکومت ماہ اکٹوبر میں 30 کیلو میٹر تک یعنی میاں پور تا امیر پیٹ ، امیر پیٹ تا ناگول میٹرو ریل چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس افتتاحی پروگرام کے لیے وزیراعظم کے دفتر سے اجازت کا انتظار ہے ۔ سڑکوں پر ٹرافک مسائل میں کمی واقع ہونا ہو تو میٹرو اور آر ٹی سی کی شراکت سے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم پر عمل آوری کرنی ہوگی ۔ اسی مناسبت سے آر ٹی سی نے منی بسوں کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میٹرو اسٹیشن سے 10 کیلو میٹر تک واقع کالونیوں کو منی اے سی بسیں چلانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ حالیہ دنوں میں میٹرو عہدیداران نے اعلان کیا ہے کہ میٹرو اسٹیشنوں کے پاس سولار بس اسٹاپس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ اسی لیے آر ٹی سی عہدیداران نے میٹرو اسٹیشنوں کا معائنہ بھی کیا ہے ۔ آر ٹی سی اعلیٰ عہدیداران کے مطابق میٹرو اسٹیشنوں سے بغیر کنڈاکٹرس کے بسیں چلانے سے متلق غور کیا جارہا ہے اور باقاعدہ مسافرین کی جانب سے ٹکٹس حاصل کرنے کے لیے ڈرائیورس کے پاس ٹکٹ مشین رکھی جائیں گی اور ٹکٹوں کی قیمتیں 5 ، 10 اور 15 روپئے مقرر کی جائیں گی ۔ میٹرو اسٹیشنس سے کون کونسی بستیوں اور کالونیوں کو بسیں چلائی جانی ہیں ان روٹس کی آر ٹی سی عہدیداران کی جانب سے نشاندہی کی جارہی ہے ۔ خانگی گاڑیوں کے مساوی کم قیمتی ٹکٹوں کے ذریعہ مسافرین کو متوجہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں 24 میٹرو اسٹیشنوں سے کون کونسے روٹس پر کتنی بسیں چلائی جائیں گی اس تعلق سے میٹرو اور آر ٹی سی عہدیداران کے جائزہ اجلاس منعقد ہونے والے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT